ریاست میں مزید 9 میڈیکل کالجوں کاقیام

وزیر اعلیٰ چندرشیکھر راؤ نے کیا افتتاح

حیدر آباد : 15 / ستمبر ( اپنا وطن نیوز )
چیف منسٹر  تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ ریاست تلنگانہ صحت عامہ کو عام کرتے ہوئے اسے غریب عوام کی دہلیز تک پہنچارہی ہے اور ہندوستان بھر کے طبی شعبہ میں ایک انقلاب برپا کررہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہر سال 10 ہزار ڈاکٹر اپنی تعلیم مکمل کرتے ہوئے عوامی خدمات انجام دیں گے جو کہ ریاست تلنگانہ اور ملک بھر کی عوام کے لئے سود مند ثابت ہوگا۔انھوں نے ریاست کے ہر ضلع میں ایک میڈیکل کالج کے قیام کو خوش آئیند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ’’سفید کورٹ انقلاب‘‘ ہے جو طب کے شعبہ میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔
آج چیف منسٹر تلنگانہ نے پرگتی بھون سے ریاست کے مختلف اضلاع میں نو تعمیر کردہ 9 میڈیکل کالجوں کو ورچوئل موڈ میں افتتاح انجام دیا۔ان 9 اضلاع میں کریم نگر، کاماریڈی، کھمم، جئے شنکر بھوپال پلی، کمرم بھیم آصف آباد، نرمل، راجنا سرسیلا، وقارآباد اور جنگاؤں شامل ہیں۔ 
قبل ازیں میٹنگ کا آغاز حکومت کی چیف سکریٹری محترمہ شانتی کماری کی افتتاحی تقریر سے ہوا۔
اس پروگرام میں ریاستی وزیر فینانس و طب ٹی۔ ہریش راؤ،ریاستی وزیر جنگلات اندرا کرن ریڈی، حکومت کی چیف سکریٹری مسز شانتی کماری، سکریٹری ٹو سی ایم مسٹر راج شیکھر ریڈی، میڈیکل اینڈ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے سکریٹری جناب ایس اے ایم رضوی و دیگر موجود تھے۔