عادل آباد: 22/اگست (اپنا وطن نیوز)
ضلع اقلیتی بہبود آفیسر عادل آباد محترمہ جی۔ کرشنا وینی کے بموجب تعلیمی سال 2023(اسپرنگ سیزن)کے لئے ریاستی محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے بیرون ممالک اعلیٰ تعلیم حاصل کررہے طلبہ سے چیف منسٹر اوورسیز اسکالرشپ اسکیم کے لئے درخواستیں طلب کی جارہی ہیں۔
ایسے اقلیتی طلباء (مسلم، عیسائی، سکھ،جین، پارسی) جو کہ چیف منسٹر اوور سیز اسکالر شپ اسکیم کے تحت درخواست داخل کرنا چاہتے ہوں، ان کا داخلہ بیرونی ممالک کی یونیورسٹیز میں ماہ جنوری تا جولائی (اسپرنگ سیزن) کے دوران ہوچکا ہو اور انھیں ڈگری اور انجنیرنگ میں 60فیصد نشانات، پی ایچ ڈی کے لئے پوسٹ گریجویشن میں 60فیصد نشانات حاصل ہوں وہ اس اسکالرشپ کے اہل ہیں۔
بیرونی ممالک جن میں امریکہ، کینڈا، انگلینڈ، آسٹریلیا، فرانس، جرمنی، جاپان، سنگاپور، نیوزی لینڈ، ساؤتھ کوریا کی منتخبہ یونیورسٹیوں میں داخلہ حاصل کرچکے امیدوار اس اسکیم کے لئے درخواست داخل کریں۔اس اسکیم میں امیدوار کے انتخاب کے بعد حکومت کی جانب سے 20 لاکھ روپئے اسکالرشپ دی جائے گی نیز ہوائی ٹکٹ کے طور پر مزید 60ہزار روپئے منظور کئے جائیں گے۔
امیدواروں کو ایس ایس سی، انٹر، ڈگری، پی جی کے مارکس میمو کے علاوہ جی آر ای، جی ایم اے ٹی امتحان کا اسکور کارڈ، ٹوفل، آئی ایل ای ٹی ایس امتحان کا اسکور کارڈ، صداقتنامہ ذات، صداقتنامہ آمدنی(5لاکھ سے کم)، آدھار کارڈ، صداقتنامہ رہائش، پاسپورٹ کی نقل، بیرونی ممالک کی یونیورسٹی میں داخلہ کا سرٹفکیٹ، بینک پاس بک کی نقل کو فوٹو اسکان کے ذریعہ آن لائن طرز پر www.telanganaepass.cgg.gov.in نامی ویب سائٹ پردرخواست داخل کرسکتے ہیں۔
درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ 21/ستمبر رکھی گئی ہے جبکہ آن لائن داخل کردہ درخواست کی نقل دفترضلع اقلیتی بہبود، عادل آباد پر 25/ستمبرتک داخل کردیں۔
انھوں نے بیرون ممالک اعلیٰ تعلیم کے حصول کے خواہشمند امیدواروں سے حکومت کی اس منفرد اسکیم سے استفادہ کی خواہش کی۔

