حیدر آباد : 24 ؍ اگست (اپنا وطن نیوز)
ریاستی وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے آج اساتذہ کی مخلوعہ جائیدادوں پر بھرتی کے ضمن میں اندرون دو یوم اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لانے کا اعلان کیا ہے۔
ٹیچرس ریکروٹمنٹ ٹیسٹ کے تحت ریاست بھر میں مخلوعہ 5089 اساتذہ کی جائیدادوں پر بھرتی عمل میں لائی جائے گی جو کہ ڈسٹرکٹ سلیکشن کمیٹی (ڈی ایس سی) کے ذریعہ ہوں گے۔
انھوں نے اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لانے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ مخلوعہ جائیدادوں کی تفصیلات، درخواستوں کے ادخال کی تواریخ اور امتحان کے انعقاد کی تاریخ کا اندرون دو یوم تفصیلی نوٹفیکشن کے ذریعہ اعلان کیا جائے گا۔
ریاستی وزیر نے یہ بھی بتایا کہ ریاستی حکومت کارپوریٹ طرز پر سرکاری مدارس کو ترقی دینے کے اپنے وعدہ پر کاربند ہے جس کے چلتے اقامتی مدارس کو قائم کیا جارہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اقامتی اداروں کو ڈگری سطح تک ترقی دی جاکر کے جی تا پی جی تعلیم فراہم کی جارہی ہے۔
واضح ہوکہ ٹی آر ٹی 2017 تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے منعقد کیا گیا تھا تاہم 5089 مخلوعہ اساتذہ کی جائیدادوں پر اب تقررات ضلع سطح پر قائم ڈی ایس سی کے تحت کئیے جائیں گے۔
جاری کئے گئے اعلامیہ میں اردو میڈیم مدارس میں مخلوعہ اساتذہ کی تعداد کا ابھی پتہ نہیں چل پایا ہے۔ تفصیلی نوٹفکیشن کی اجرائی کے بعد ہی مزید تفصیلات معلوم ہوں گی۔

