وشاکھا پٹنم: 24 ؍ اگست (ایجنسیز)
ریاست آندھرا پردیش کے شہر سمہاچلم میں واقع سری ورالکشمی نرسمہا سوامی مندر کے حکام کو مندر کی ہنڈی میں ایک عقیدت مند کی طرف سے جمع کرائے گئے 100 کروڑ روپے کا جعلی چیک ملا۔
مندر کے ذمہ داران جب اس چیک کو لئے کوٹک مہندرا بینک پہنچے تو انھیں پتہ چلا کہ چیک ہولڈر کے اکاؤنٹ میں صرف 17 روپے کا بیلنس موجود ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ سمہا چلم مندر کے ذمہ داران کے لیے پہلے تو 100 کروڑ کے چیک کا عطیہ ان میں جوش و خروش کا ضامن بنا، لیکن شکوک و شبہات پیدا ہوئے کیونکہ مندر کے حکام کو کچھ گڑبڑ کا احساس ہوا۔
چونکہ عطیہ کردہ اس چیک پر تاریخ درج نہیں تھی لہذا انہوں نے تیزی سے چیک بینک کو بھیج دیا، چیک پر موجود اکاؤنٹ نمبر سے جب بیلنس چیک کیا گیا تو پتہ چلا کہ یہ ایک فرضی چیک ہے ۔
مندر کے ذمہ داران پولیس سے رجوع ہوئے اورشکایت درج کروائی۔پولیس کے مطابق چیک بوڈے پلیہ رادھا کرشنا نامی شخص کا ہے جس کی تلاش جاری ہے۔ اگر اس عطیہ دہندے کی غلط نیت کا پتہ چلا تو ممکنہ طور پر چیک باؤنس کیس کا سامنا کرنا پڑے گا۔

