مدھیہ پردیش : دو گروپوں کے مابین اندھادھند فائرنگ۔ 5 ہلاک

بھوپال : 13 / ستمبر (ایجنسیز)
مدھیہ پردیش کے داتیا ضلع میں آج ایک مقامی فارم پر دو افراد پرکاش ڈانگی اور پریتم پال کے درمیان گائے چرانے کے مسٗلہ کو لے کر تنازعہ پیدا ہوگیا جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دونوں گروپوں نے ایکدوسرے پر آج صبح 9/بجے کے قریب اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 5 افراد بر سر موقع ہلاک جبکہ 8 شدید زخمی ہوگئے۔
ہلاک شدگان کی شناخت پرکاش ڈانگی، رام نریش ڈانگی، سریندر ڈانگی، راجندر پال اور راگھویندر پال کے طور پر کی گئی ہے، یہ سبھی گولی لگنے سے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
یہ واقعہ گزشتہ تین دنوں سے جاری دو گروپوں کے درمیان بڑھتے ہوئے تنازعہ کے پس منظر میں پیش آیا۔
پرکاش ڈانگی اور پریتم پال دونوں نے سول لائنز پولیس اسٹیشن میں تنازعہ سے متعلق شکایات درج کرائی تھی۔
علاقہ میں شدید تناؤ کے باعث پولیس کی بھاری جمعیت متعین کی گئی ہے اور پولیس تحقیقات جاری ہیں۔