اسکولی طالبہ کی موت کی وجہ بننے والے دو نوجوان پولیس انکاؤنٹر میں زخمی

لکھنؤ : 17 / ستمبر (ایجنسیز)
اتر پردیش کے امبیڈکر نگر ضلع میں ایک اسکول کی طالبہ کو ہراساں کرنے، اس کا دوپٹہ کھینچ کر اسے سیکل سے گرانے اور بعد ازاں حادثہ میں طالبہ کی موت کے معاملہ میں ہفتہ کے روز گرفتار کیے گئے دو نوجوانوں کو پولیس انکاؤنٹر میں پیر (ٹانگ) میں گولی ماری گئی ہے۔
امبیڈکر نگر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) اجیت سنہا نے انکاؤنٹر کی تفصیلات میں بتایا کہ دو ملزمان شہباز اور فیصل نے اپنے طبی علاج کے دوران پولیس گرفت سے بھاگنے کی کوشش کی، جس کے بعد پولیس سے مقابلے میں انہیں ٹانگ میں گولی ماری گئی۔
تیسرا ملزم، جو نابالغ ہے، وہ بھی پولیس حراست سے بھاگ رہا تھا تاہم اس کی ٹانگ میں فریکچر ہوا۔
سیکل سوار اسکولی طالبہ کا دوپٹہ کھینچنے اور حادثہ کا ویڈیو

پورا معاملہ کیا ہے؟

یہ واقعہ جمعہ کو اس وقت پیش آیا جب ایک سکول کی طالبہ، جو سائیکل پر اپنے اسکول سے واپس گھر جا رہی تھی، کو نوجوان بدمعاشوں نے ہراساں کیا۔ موٹر سیکل پر سوار دو نوجوانوں  نے 17 سالہ لڑکی کا دوپٹہ کھینچ لیا جس سے وہ سائیکل سے اپنا توازن کھو بیٹھی اور گر گئی۔
سی سی ٹی وی کیمرے میں قید واقعے کی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ موٹر سیکل سوار دو بدمعاشوں کی جانب سے دوپٹہ کھینچنے کے بعد لڑکی اپنی سائیکل پر سے کنٹرول کھو بیٹھی اور وہ فوراً سڑک پر گر گئی۔ تبھی ایک نوجوان جو کہ پیچھے سے موٹر سیکل پر آرہا تھا نے اس لڑکی کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئی۔
زخمی لڑکی کو فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ اس کے بعد متاثرہ کے والد نے مقدمہ درج کرایا اور تینوں نوجوانوں کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔