کھانے کی اشیا کو اخبارات میں نہ لپیٹنے FSSAI کی ہدایت
نئی دہلی : 29/ستمبر (ایجنسیز)
ملک بھر کے صارفین اور کھانے پینے کی اشیاء فروشوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اشیائے خوردونوش کی پیکنگ، پکائی ہوئی اشیا کو پیش کرنے اور ذخیرہ کرنے کے لیے فوری طور پر اخبارات کا استعمال بند کردیں۔
فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز اتھارٹی آف انڈیا (FSSAI) نے دو دن قبل (بدھ) کو یہ ہدایت جاری کی، جس میں کھانے پینے کی اشیا کو لپیٹنے یا پیک کرنے کے لیے اخبارات کے استعمال سے منسلک صحت کے خطرات پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
FSSAI کے عہدیداران کے مطابق اخبارات کو کھانے کو لپیٹنے، ڈھانپنے یا پیش کرنے کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے اور نہ ہی انہیں تلے ہوئے کھانے سے اضافی تیل جذب کرنے کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔یہ انسانی صحت کے لئے نہایت ہی مضر ثابت ہورہے ہیں۔

ایف ایس ایس اے آئی کے سی ای او، جی کملا وردھنا راؤ نے کہا کہ کاغذ کے اخبارات سے انسانی صحت کو خطرات لاحق ہیں، اور اس اقدام کا مقصد صارفین، خوراک فروشوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو خطرات سے آگاہ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اخبارات میں استعمال ہونے والی سیاہی مختلف بایو ایکٹیو مواد پر مشتمل ہوتی ہے جس کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ یہ صحت پر منفی اثرات مرتب کرتے ہیں اوریہ کھانے کو آلودہ کر سکتے ہیں اور کھانے سے صحت کے مسائل کا باعث بن سکتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اخبارات کی پرنٹنگ کے لئے استعمال کی جانے والی سیاہی میں کیمیکلز شامل ہو تے ہیں، بشمول سیسہ اور بھاری دھاتیں۔ اخبارات کے استعمال سے یہ خطرناک سیاہی کے ذرات ہمارے جسم میں داخل ہوتے ہوئے نقصان پہنچاسکتے ہیں۔
FSSAI نے مزید کہا کہ عوام میں تقسیم کے دوران اخبارات اکثر مختلف ماحولیاتی حالات کا شکار ہوتے ہیں، جس سے وہ بیکٹیریا، وائرس یا دیگر پیتھوجینز کے ذریعے آلودگی کا شکار ہو جاتے ہیں جو کھانے میں منتقل ہو سکتے ہیں، اور یہی مستقبل میں کھانے پینے کی اشیائ سے پیدا ہونے والی بیماریوں کا باعث بنتے ہیں۔

