غریب بزرگ شخص کی نعش کی آخری رسومات انجام دیں
عادل آباد : 10/نومبر (اپنا وطن نیوز)
عادل آباد رورل پولیس اسٹیشن کے عملہ نے آج نہایت ہی غریب گھرانے سے تعلق رکھنے والے ایک ضعیف العمر شخص کی آخری رسومات انجام دے کر انسانی خدمت کی بہترین مثال قائم کی۔
سب انسپکٹرعادل آباد رورل پولیس اسٹیشن مسٹر سید مجاہد کی زیر نگرانی آج نرمل ضلع کے مدہول مستقر کے متوطن 70 سالہ مارکنٹی نارائنا کی ہندو رسم و رواج کے مطابق آخری رسومات انجام دی گئیں جس کی نعش عادل آباد مستقر کے رمس ہاسپٹل میں رکھی ہوئی تھی۔
پولیس کے مطابق مدہول کے متوطن مارکنٹی نارائنا ذہنی طور پر معذور تھا اور عادل آباد رورل منڈل کے حدود میں واقع تنتولی موضع میں اس کی موت واقع ہوگئی۔
اس کی نعش کو مقامی لوگوں نے رمس ہاسپٹل کے مردہ خانہ منتقل کیا تھا تاہم اس کے پاس سے دستیاب آدھار کارڈ کی بنیاد پر مدہول میں موجود اس کے رشتہ داروں کو اس کی اطلاع دی گئی۔
رشتہ داروں کا تعلق نہایت ہی غریب خاندان سے تھا اور وہ متوفی کی نعش کو مدہول منتقل کرنے کے قابل بھی نہ تھے لہذا سب انسپکٹر رورل پولیس اسٹیشن سید مجاہد نے اپنے ماتحت عملہ ہیڈ کانسٹیبل فتح سنگھ، کانسٹیبل پرکاش اور ہوم گارڈ شیکھر کی مدد سے متوفی کی نعش کی آخری رسومات، اس کے رشتہ داروں کی اجازت و موجودگی میں مستقر عادل آباد میں انجام دی۔

