صدر نشین بلدیہ عادل آباد جوگوپرمیندر اور نائب صدر نشین ظہیر رمضانی کا بلدیہ کے مختلف وارڈس کا دورہ
صاف صفائی کے کاموں کا لیا جائزہ
عادل آباد: (جلیل احمد خان ؍ اپنا وطن نیوز)
موسم برسات کے پیش نظر نالیوں میں کچرہ جمع ہوجانے اور اس کی وجہ سے گندے پانی کے ٹہر جانے کا نوٹس لیتے ہوئے صدر نشین بلدیہ عادل آباد مسٹر جوگوپرمیندر نے شہر کے عبداللہ چوک علاقہ کا دورہ کرتے ہوئے بلدیہ کے صاف صفائی کاموں کا جائزہ لیا۔ انھوں نے نائب صدر نشین بلدیہ ظہیر رمضانی کے ہمراہ علاقہ کا دورہ کیا اور بلدیہ کی جانب سے JCB کی مدد سے نالیوں کی صفائی کے ضمن میں عملہ کو ضروری ہدایات بھی دیں۔ اس علاقہ سے گزرنے والی نالیوں میں پلاسٹک و دیگر اشیا کے جمع ہوجانے سے پانی کی نکاسی میں دشواری پیش آرہی تھی جس کی وجہ سے عوام کی صحت پر مضر اثرات پڑنے کے امکانات تھے۔انھوں نے عنقریب اس علاقہ کی بڑی نالیوں کے تعمیراتی کاموں کے مکمل ہونے کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ بلدیہ کی جانب سے شہر کے ہر وارڈ میں صاف صفائی کاموں کی خصوصی مہم چلائی جارہی ہے تاکہ بدلتے ہوئے موسم برسات میں امکانی موسمی بیماریوں سے شہریوں کو محفوظ رکھا جاسکے۔ انھوں نے عوام کو بھی مشورہ دیا کہ وہ اپنے ارد گرد کچرہ یا پانی کو جمع ہونے نہ دیں اور صاف صفائی کا خاص خیال رکھیں۔پلاسٹک و کچرہ کو صرف بلدیہ کی گاڑی ہی میں ڈالیں نیز عوام کو کسی قسم کی دشواری کی صورت میں وہ بلدیہ کے عہدیداران سے رجوع ہوسکتے ہیں۔ نائب صدر نشین بلدیہ ظہیر رمضانی نے بھی عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے مکانات میں موجود کولر،گھڑے ، برتن یا ٹائروں میں پانی کو زیادہ دن جمع ہونے نہ دیں تاکہ مچھروں کی افزائش سے محفوظ رکھا جاسکے۔اس مو قع پر وارڈ کونسلر عبدالمبین، باشاہ، عزیز ،ستار و دیگر موجود تھے۔


