متھرا کی شاہی عید گاہ مسجد کا سروے ہو،الہ آباد ہائی کورٹ کا حکم

لکھنو: 14/ڈسمبر (ایجنسیز)
الہ آباد ہائی کورٹ میں متھرا کے شری کرشن جنم بھومی-شاہی عیدگاہ مسجد کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے سروے کرانے کو منظوری دے دی۔
ایک طرف عدالت نے ہندو فریق کی عرضی قبول کر لی ہے۔ دوسری طرف عدالت نے شاہی عیدگاہ مسجد کمیٹی اور وقف بورڈ کے دلائل کو مسترد کر دیا ہے۔
قبل ازیں ہائی کورٹ کے جسٹس مینک کمار جین نے فریقین کو سننے کے بعد 16 نومبر کو فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔
جنم بھومی- عیدگاہ کیس میں 16 نومبر کو ہوئی سماعت کے بعد ہائی کورٹ نے تمام 18 مقدمات سے متعلق مدعی اور مدعا علیہان کو ذاتی طور پر حاضر ہونے کا حکم دیا تھا۔
شری کرشن جنم بھومی مکتی نیاس کے چیئرمین مہیندر پرتاپ سنگھ نے کہا تھا کہ ہائی کورٹ نے سیشن کورٹ میں دائر 18 مقدمات کی فائلوں کو سماعت کے لیے اپنے دائرہ اختیار میں لے لیا ہے۔
انہوں نے الزام لگایا تھا کہ عیدگاہ مسجد کمیٹی پارٹی ، جنم بھومی کے فن تعمیر سے ثبوتوں کو تباہ کر رہی ہے۔ شواہد کو ضائع کرنے سے پہلے، گیانواپی کی طرز پر جائے پیدائش کے سروے کا حکم دینے کا ہائی کورٹ سے مطالبہ ہے۔
شاہی عیدگاہ مسجد متھرا شہر میں شری کرشنا جنم بھومی مندر کے احاطے سے متصل ہے۔ 12 اکتوبر 1968 کو، شری کرشنا جنم استھان سیوا سنستھان نے شاہی مسجد عیدگاہ ٹرسٹ کے ساتھ ایک معاہدہ کیا۔معاہدے کے تحت 13.37 ایکڑ اراضی پر مندر اور مسجد دونوں کی تعمیر کا بندوبست کیا گیا ہے۔
سارا تنازعہ اس 13.37 ایکڑ اراضی کو لے کر ہے۔ اس زمین میں سے 10.9 ایکڑ زمین شری کرشنا جنم بھومی مندر کے قریب اور 2.5 ایکڑ زمین شاہی عیدگاہ مسجد کے قریب ہے۔ اس معاہدے میں مسلم فریق نے اپنی کچھ مقبوضہ زمین مندر کے لیے چھوڑ دی اور بدلے میں مسلم فریق کو قریب کی کچھ زمین دی گئی۔
اب ہندو فریق پوری 13.37 ایکڑ اراضی پر قبضے کا مطالبہ کر رہا ہے۔ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ مغل بادشاہ اورنگ زیب نے شری کرشنا کی جائے پیدائش پر بنائے گئے قدیم کیشو ناتھ مندر کو تباہ کر دیا اور اسی جگہ پر 1669-70 میں شاہی عیدگاہ مسجد تعمیر کی۔
1935 میں الہ آباد ہائی کورٹ نے بنارس کے راجہ کرشنا داس کو 13.37 ایکڑ زمین الاٹ کی۔ 1951 میں شری کرشنا جنم بھومی ٹرسٹ نے یہ زمین حاصل کی تھی۔