آکسفورڈ نے ’رِز‘ کو 2023ء کا لفظ قرار دے دیا

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق آکسفورڈ ڈکشنری پبلشر نے ’رِز‘ (Rizz) کو 2023ء کا لفظ قرار دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آکسفورڈ یونیورسٹی پریس ہر سال ایک نیا لفظ ڈکشنری میں شامل کرتا ہے، رواں سال کے لیے لفظ ’رِز‘ کا انتخاب کیا گیا ہے۔

’رِز‘ کا انتخاب شارٹ لسٹ کیے گئے 8 الفاظ میں سے کیا گیا ہے، شارٹ لسٹ کیے گئے الفاظ میں ٹیلر سوئفٹ کے مداحوں کے لیے استعمال ہونے والا لفظ ’سوئفٹی‘ اور غیر رسمی رومانوی یا جنسی تعلقات کے لیے استعمال ہونے والا لفظ ’سچویشن شپ‘ (situationship) بھی شامل تھے۔

آکسفورڈ کے لغت نگاروں نے لفظ ’رِز‘ کے انتخاب کا حتمی فیصلہ کرنے سے پہلے شارٹ لسٹ الفاظ کی فہرست پر عوامی ووٹنگ کرائی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لفظ ’رِز‘ رواں سال مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بالخصوص ٹک ٹاک پر بطور ہیش ٹیگ بڑے پیمانے پر استعمال ہوا تھا۔

آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے مطابق لفظ ’رِز‘ انگیزی زبان کے لفظ کرِزما ’charisma‘ کا مخفف ہے اور اسی کے معنوں میں استعمال ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ آکسفورڈ مانیٹرنگ کے ماہرین ہر سال ایسے الفاظ کا جائزہ لیتے ہیں جو  پہلے کے مقابلے میں زیادہ کثرت سے استعمال ہو رہے ہیں یا زبان میں نئے داخل ہوئے ہیں۔

یہ ماہرین ہر سال ایسے نئے الفاظ ڈکشنری میں شامل کرتے ہیں جو عوامی سطح پر عام استعمال ہونے لگیں۔

 یاد رہے کہ گزشتہ برس آکسفورڈ یونیورسٹی پریس نے لفظ گوبلن موڈ انگریزی لغت میں شامل کیا تھا، جس کے معنی خود غرض، کاہل اور لالچی کے ہیں۔

آکسفورڈ ڈکرشنری کی تاریخ:

آکسفورڈ انگریزی لغت (انگریزی: Oxford English Dictionary) انگریزی زبان کا ایک تاریخی، معیاری اور اساسی لغت ہے جسے اوکسفورڈ یونیورسٹی پریس شائع کرتا ہے۔

اس میں انگریزی زبان کی تاریخی تدریج و ترقی درج ہے اور ساتھ ہی اسکالر اور محققین کو بہت وسیع ذخیرہ مہیا کرتا ہے۔ یہ لغت ایک ہی لفظ کے کئی معانی اور استعمال سے بھی روشناس کراتا ہے۔ 1989ء میں 20 جلدوں میں اس لغت کا دوسرا ایڈیشن شائع ہوا تھا جس میں 21,728 الفاظ کی تحقیق موجود تھی۔

1857ء میں ہی اس لغت پر کام شروع ہو چکا تھا مگر 1884ء میں اس کی پہلی اشاعت ممکن ہو سکی۔

پہلی اشاعت بنام اے نیو انگلش ڈکشنری آن ہسٹوریکل پرسنپلز؛ فاونڈیڈ آن دی میٹیرلز کلیکٹیڈ بائی دی فیلولوجیکل سوسائٹی ہوئی۔ 1895ء میں لغت کے سرورق پر پہلی دفعہ غیر رسمی طور پر دی اکسفورڈ ڈکشنری لکھا گیا۔

1928ء میں مکمل لغت 10 جلدوں میں شائع ہوا۔ 1933ء میں باضابطہ طور پر اس کا نام دی اوکسفرڈانگلش ڈکشنری رکھ دیا گیا۔ اس ایڈیشن میں کل بارہ جلدیں تھیں اور ایک اضافی ضمیمہ بھی تھا۔ 1989ء میں دوسرا ایڈیشن شائع ہوا مگر اس دوران میں کئی اضافی ضمیمے بھی شائع ہو چکے تھے۔2000ء سے لغت کے تیسرے ایڈیشن پر کام جاری ہے۔