تلنگانہ کے ہر گاؤں میں سرکاری اسکول کھولا جائے

چیف منسٹر ریونت ریڈی کا محکمہ تعلیم کے عہدیداران کے ساتھ جائزہ اجلاس

میگا ڈی ایس سی منعقد کرنے، اساتذہ کے ترقی و تبادلوں کے عمل میں پیشرفت لانے اور ریاست کے 10 سابق اضلاع میں اسکل ڈیولپمنٹ یونورسٹیوں کے قیام کی بھی دی ہدایت

حیدر آباد : 30/ڈسمبر (اپنا وطن نیوز)

تلنگانہ ریاست کا کوئی بھی گاؤں چاہے کتنا بھی چھوٹا یا دور دراز کیوں نہ ہو، وہاں پر ایک سرکاری اسکول ضرور ہونا چاہئے۔ کوئی لڑکا یا لڑکی تعلیم کے حصول کے لئے دیگر گاؤں یا قصبوں کا رُخ نہ کریں۔

ان خیالات کا اظہار چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر ریونت ریڈی نے آج تلنگانہ سکریٹریٹ میں محکمہ تعلیم کے عہدیداران کے ساتھ منعقدہ جائزہ اجلاس میں کیا۔

اس موقع پر انھوں نے عہدیداران کو ہدایات دیں کہ وہ  طلباء کی غیر حاضری کے بہانے بند کئے گئے تمام اسکولوں کی دوبارہ کشادگی کا جائزہ لیں۔ طلبا کی تعداد کو نہ دیکھتے ہوئے بند کئے گئے تمام سرکاری اسکولوں کو دوبارہ کھولا جائے۔

اسکولس کے آغاز پر اساتذہ کی قلت کو دور کرنے کے لئے وزیراعلیٰ نے عہدیداران کو ہدایات دیں کہ وہ میگا ڈی ایس سی امتحان منعقد کریں، اساتذہ کے تقررات عمل میں لائیں، اساتذہ کے ترقی و تبادلوں کے عمل کو مکمل کیا جائے۔

ریونت ریڈی نے اساتذہ کے ترقی و تبادلوں میں درپیش مسائل اور حائل رکاوٹوں پر اساتذہ تنظیموں کے نمائندوں سے بات چیت کرنے اور متبادل راستے تلاش کرنے کی بھی محکمہ تعلیم کے عہدیداران کو ہدایت دی۔

اس کے علاوہ انھوں نے ہمارا گاؤں ہمارا مدرسہ پروگرام کے تحت اسکولوں کی ترقی کے ضمن میں جاری پیشرفت پر بھی جائزہ لیا۔ اس پروگرام کے تحت نا مکمل کاموں کو تیز رفتاری کے ساتھ مکمل کرنے اور سرکاری اسکولوں کو معیاری بنانے کی بھی ہدایت دی۔

سابق متحدہ اضلاع میں اسکل یونیورسٹی کا قیام:

محکمہ تعلیم پر آج منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران ریاستی وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے عہدیداران کو یہ بھی ہدایات دیں کہ وہ سابق متحدہ اضلاع (10) میں اسکل ڈیولپمنٹ سے متعلق یونورسٹیوں کا قیام عمل میں لائیں۔

انہوں نے کہا کہ ریاست میں ہنر مندی کی یونیورسٹیاں ہونی چاہئیں تاکہ صنعتی ضروریات کے لیے درکار ہنر مند نوجوان حاصل ہوسکیں۔

ان میں ملازمت پر مبنی مختصر مدتی اور طویل مدتی کورسز متعارف کرائے جائیں۔ عہدیداران  گجرات، ہریانہ، راجستھان، اڑیسہ اور آندھرا پردیش کی ریاستوں میں اس طرح کی اسکل ڈیولپمنٹ یونیورسٹیوں کا دورہ کریں اور حکومت کو رپورٹ پیش کریں۔

اس کے لیے انھوں نے چیف سکریٹری کو ہدایت دی  کہ وہ محکمہ تعلیم، محکمہ صنعت اور محکمہ لیبر کے سیکریٹریوں کے ہمراہ ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دیں اور حکومت کو مناسب تجاویز پیش کریں۔

جائزہ اجلاس میں چیف سکریٹری حکومت تلنگانہ مسز شانتی کماری، ہائر ایجوکیشن کونسل کے چیئرمین پروفیسر۔ لمبادری، محکمہ تعلیم کے چیف سکریٹری مسٹر  وینکٹیشم، محکمہ اسکولی تعلیم کی کمشنر مسز دیوسینا، چیف منسٹر دفتر کے  افسران مسٹر شیشادری، مسٹر شاہ نواز قاسم اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔