عوام ’ کال فارورڈنگ اسکینڈل‘ سے ہوشیار رہیں

 آپ اپنے فون سے کبھی بھی #401* نمبر ڈائل نہ کریں

سائبر فراڈ کے نئے طریقہ سے محتاط رہنےحکومت کا عوام کو مشورہ

 نئی دہلی، 16 جنوری (ایجنسیز)

حکومت اور محکمہ پولیس فون  صارفین کو متعدد بار انتباہ دیتی  ہے کہ وہ کسی بھی نامعلوم نمبرات سے کالز یا ٹیکسٹ میسیج کا جواب دیتے ہوئے محتاط رہیں، تاہم سائبر فراڈ مجرمین نت نئے طریقوں سے صارفین کو ٹھگنے کے جدید طریقے اپناتے رہتے ہیں۔

 

حکومت ہند کے ٹیلی کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ (DoT) نے چند یوم قبل عوام کو اسی طرح کی دھوکہ دہی سے بچنے اور اپنے آپ کو محتاط رکھنے پر مشتمل ایک انتباہ جاری کیا ہے ۔

 

جاری کردہ انتباہ کے مطابق عوام ایسے نامعلوم فون کالس سے ہوشیار رہیں جو آپ سے یہ کہیں کہ وہ  ٹیلی کام کمپنیوں کے تکنیکی عملے کے طور پر آپ سے بات کررہے ہیں۔ 

 

وہ فون صارفین سے کسی مسئلے کو حل کرنے کے لیے #401* ڈائل کرنے کے بعد موبائل نمبر دینے کو کہتے ہیں۔

 

جعلساز یہ کہتے ہوئے آپ کو فون کرسکتے ہیں کہ سبسکرائبر کے سم کارڈ میں کوئی مسئلہ ہے یا نیٹ ورک یا سروس کے معیار سے متعلق کوئی مسئلہ ہے اور اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے انہیں ایک مخصوص کوڈ ڈائل کرنے کی ضرورت ہے۔

یہ کوڈ عام طور پر #401* سے شروع ہوتا ہے جس کے بعد موبائل نمبر آتا ہے۔

 

اگر یہ نمبر ڈائل کیا جاتا ہے تو، ان کے موبائل نمبر پر غیر مشروط کال فارورڈنگ ایکٹیویٹ ہو جاتی ہے اور تمام آنے والی کالز وغیرہ، جعلساز کے موبائل نمبر پر بھیج دی جاتی ہیں۔

 

اس کے بعد دھوکہ باز تمام آنے والی فون کالس وصول کرپاتا ہے اور وہ آپ کی اہم معلومات حاصل کر سکتا ہے، جیسے کہ بینک اکاؤنٹ نمبر اور پاس ورڈ جو دھوکہ دہی کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔

 

ٹیلی کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ (DoT) نے مشورہ دیا ہے کہ تمام صارفین کو کال فارورڈنگ کے لیے اپنے موبائل فون کی سیٹنگز کو چیک کرنا چاہیے اور اسے فعال ہونے کی صورت میں اسے فوری طور پر غیر فعال کرنا چاہیے۔

 

کال فارورڈنگ کی سہولت صرف اس وقت استعمال کی جانی چاہئے جب اس کی ضرورت ہو۔