عادل آباد ضلع پولیس کی جانب سے دعوت افطار کا اہتمام

مختلف مذاہب کے ماننے والوں میں آپسی بھائی چارہ ضلع کی ترقی میں معاون : ایس پی غوث عالم کا خطاب

عادل آباد : 9/اپریل (اپنا وطن نیوز)

ضلع پولیس عادل آباد کی جانب سے مسلم پولیس ملازمین و عملہ کے لئے دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا۔

ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس عادل آباد مسٹر غوث عالم نے بحیثیت مہمان خصوصی دعوت افطار میں شرکت کی۔

اے آر ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ اس پروگرام کو مخاطب کرتے ہوئے غوث عالم نے کہا کہ پرامن طور پر عیدین و تہواروں کے اہتمام سے آپسی بھائی چارگی میں اضافہ ہوتا ہے۔

اسی طرح پر امن تقاریب کا اہتمام ضلع کی ترقی میں بھی معاون و مدد گار ہوتا ہے۔

ضلع میں ہندو مسلم آپس میں مل جل کر اور آپسی بھائی چارہ کے ذریعہ مختلف تقاریب کا اہتمام کرتے آرہے ہیں جسے آگے بھی جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔

انھوں نے کہا کہ ضلع میں پر امن تقاریب کو منعقد کرنے کے لئے محکمہ پولیس کی جانب سے موثر انتظامات کئے گئے ہیں۔

ضلع ایس پی غوث عالم نے ضلع کی عوام بالخصوص محکمہ پولیس کے ملازمین و دیگر عملہ کو عید الفطر کی پیشگی مبارکباد دی۔

قبل ازیں خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا جس میں ملک میں امن و امان، آپسی بھائی چارہ کے فروغ اور ترقی کے لئے دعائیں کی گئیں۔بعد ازاں نماز مغرب ادا کی گئی۔

اس موقع پر ڈی ایس پی عادل آباد جیون ریڈی، سی آر پی ایف اسسٹنٹ کمانڈنٹ سوپنل پوار، سرکل انسپکٹران ستیہ نارائنا، اشوک، سرینواس، کے۔فنی دھر، پرنئے کمار کے علاوہ سب انسپکٹران پولیس سید مجاہد و دیگر موجود تھے۔