ضلع ایس پی غوث عالم کی اپنے بھائیوں کے ہمراہ نماز عید میں شرکت
عادل آباد : 11/اپریل (اپنا وطن نیوز)
رمضان المبارک کے اختتام پر عیدالفطر کی تقریب تلنگانہ بھر میں جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی ۔
ضلع مستقر عادل آباد پر بھی عید کی نماز کا اہتمام کیا گیا اور خاص طور سے ملک میں امن اور فلسطینیوں کی سرخروئی کیلئے دعا مانگی گئی۔
عیدگاہ میدان پر امام و خطیب جامع مسجد نے نماز پڑھائی اور خطبہ دیا ، جس میں بڑی تعداد میں مسلمانوں نے شرکت کی۔

ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس عادل آباد مسٹر غوث عالم نے آج اپنے تینوں بھائیوں عرفان، رضوان اور جیلانی کے ہمراہ عیدگاہ میدان پہنچ کر نماز عید و خطبہ میں شرکت کی۔
بعد نماز وہ لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے اور بڑی تعداد میں لوگ ان کے ہمراہ تصویر کشی کے لئے امڈ پڑے جس پر ضلع ایس پی نے نہایت ہی سادگی کے ساتھ تمام لوگوں کو اپنے ساتھ تصویر کشی کا موقع فراہم کیا۔

اس موقع پر ضلع ایس پی نے میڈیا نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے ضلع کی عوام کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی۔ انھوں نے پُر امن طور پر عید کی خوشیاں منانے کی اپیل بھی کی۔

بعد ازاں ڈی ایس پی عادل آباد جیون ریڈی و سرکل انسپکٹران پولیس و دیگر عملہ نے بھی ضلع ایس پی کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی۔


