اُردو زریعہ تعلیم سے بھی بڑی بڑی نوکریوں کا حصول ممکن

مادری زبان سے بچہ جلد سیکھتا ہے، ضلع پریشد ہائی اسکول باسر میں یوم اردو کا انعقاد

باسر : 9؍نومبر (پریس نوٹ)

آج یوم اردو کے موقع پر ضلع پریشد ہائی اسکول، باسر ، ضلع نرمل میں یوم اردو کا شاندار پیمانے پر انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں طلبا کے لئے تقریری، ترآنہ گوئی، اشعار گوئی کے مقابلے منعقد ہوئے جس کے نگران کار مجاہد احمد اسکول اسسٹنٹ اردو تھے –

بعد ازاں ایک انعامی تقریب منعقد ہوئی جس میں منڈل ایجوکیشن آفیسر و صدر مدرس جی میسا جی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی –

انہوں نے طلبا سے مخاطب ہو کر کہا کہ علامہ اقبال نے اردو اور ملک کے لیے گراں خدمات انجام دی ہیں – ان کا لکھا ہوا ’’ترآنہ ہندی‘‘ امر ہوگیا ہے، جو بچے بچے کی زبان پر ہوتا ہے –

مادری زبان میں تعلیم حاصل کرنے سے ہم کو خیالات کے سمجھنے میں بہت آسانی ہوتی ہے – اردو ایک شیریں اور میٹھی زبان ہے – اردو زبان کو مذہب سے مخصوص کونا ٹھیک نہیں ہے – کیوں کہ زبان کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، زبان کا سماج ہوتا ہے – جو اس سے محبت کرتا ہے زبان اس کی ہوجاتی ہے –

اردو زریعہ تعلیم سے بھی آپ بڑی بڑی نوکریوں کو حاصل کر سکتے ہیں – اور IAS, IPS بن سکتے ہیں –

بعد ازاں دیگر اساتذہ جن میں محمد وسیع، کوثر احمد، آصف خان، مجاہد احمد نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اردو ہماری مادری زبان ہے جس پر ہمیں فخر ہونا چاہیے – کیونکہ انسان خواب بھی اپنی مادری زبان میں دیکھتا ہے – اس لیے اردو زبان پر عبور حاصل کرنے کے لیے روزانہ اردو کی کتابوں کا مطالعہ کریں، نیوز پیپر کا مطالعہ کریں –

آخر میں طلبا میں انعامات کی تقسیم عمل میں لائی گئی – نظامت کے فرائض مجاہد احمد فراز نے انجام دئے۔