پرکاشم: باراتیوں سے بھری بس کو حادثہ، 7 ہلاک، 18 زخمی

پرکاشم ضلع کے ساگر کنال میں باراتیوں سے بھری بس جا گری

مسلم خاندان کے 7 باراتی ہلاک۔وزیر اعلیٰ جگن کا اظہار افسوس

امراوتی : 11 ؍ جولائی (سوشل میڈیا ڈیسک)

آج صبح یعنی منگل کی اولین ساعتوں میں ریاست آندھرا پردیش کے پرکاشم ضلع کے حدود میں پیش آئے ایک دلخراش سڑک حادثہ میں مسلم خاندان کے 7 لوگوں کی موت واقعہ ہوگئی جبکہ 18 زخمی بتائے جاتے ہیں۔

پرکاشم ضلع کے درشی موضع کے قریب آر ٹی سی بس جو کہ ولیمہ کی تقریب میں شرکت کی غرض سے کرائے پر حاصل کی گئی تھی، ساگر کنال میں جاگری جس کے نتیجہ میں مذکورہ حادثہ پیش آیا۔

بس موضع پودیلی سے کاکناڈا باراتیوں کو لیکر جارہی تھی ۔ بتایا جارہا ہے کہ بس ڈرائیور کو نیند کا جھونکہ آنے کی وجہ سے یہ حادثہ ہوا ہے۔

حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس بروقت مقام پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو قریبی سرکاری ہاسپٹل منتقل کردیا گیا۔


حادثہ میں فوت ہونے والوں میں پودی لی موضع کے عبدالعزیر (65) سال، عبدالہنی (60) سال، شیخ رمیضہ (48) سال، ملا نور جہاں (58) سال، ملا جانی بیگم (65) سال، شیخ شبینہ (35) سال، شیخ حینا (6) سال شامل ہیں۔

شیخ رمیضہ کے شوہر چینئی میں بحیثیت ڈی ایس پی اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ بس کے بجائے بذریعہ ٹرین سفر کرتے ہوئے اس ولیمہ کی تقریب میں شرکت کے لئے جارہے تھے جس کے باعث وہ حادثہ سے محفوظ رہے۔

ریاستی وزیر اعلیٰ آندھرا پردیش مسٹر جگن موہن ریڈی نے اس حادثہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عہدیداران کو ہدایات دی ہیں کہ وہ زخمیوں کو بہتر سے بہتر علاج کا انتظام کریں ۔