اساتذہ کے تبادلوں کے فیصلہ میں مزید تاخیر کا اندیشہ
نئی دہلی : 13 ؍ جولائی (اپنا وطن نیوز )
مرکز نے تلنگانہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اجل بھویان اور کیرالہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ایس وی بھٹی کی سپریم کورٹ آف انڈیا کے ججوں کے طور پر تقرری کو منظوری دے دی ہے۔
سپریم کورٹ کالجیم کی جانب سے ہائی کورٹ کے ججوں کی سپریم کورٹ میں تقرری کی سفارش کے بعد یہ فیصلہ آیا ہے۔
جسٹس سنجے کشن کول، سنجیو کھنہ، بی آر گوائی اور سوریہ کانت کے ساتھ سپریم کورٹ کالجیم نے بدھ کو ایک میٹنگ میں یہ فیصلہ لیا اور اس قرارداد کو سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیا گیا۔
نئی تقرری کے بعد سپریم کورٹ میں 34 ججوں کی منظور شدہ تعداد میں سے 32 ججوں کی تعداد بڑھ جائے گی۔
جسٹس بھویاں کی مدت ملازمت 2 اگست 2029 تک ہوگی، جب کہ جسٹس بھٹی 6 مئی 2027 کو سپریم کورٹ کے جج کے طور پر اپنی خدمات ختم کریں گے۔
واضح رہے کہ
تلنگانہ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی ترقی پر تبادلہ ہونے سے تلنگانہ کے سرکاری اساتذہ کے تبادلوں میں مزید تاخیر ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔اساتذہ کے تبادلوں کا کیس چیف جسٹس کی بنچ پر موجود تھا اور جس کی سنوائی اس ماہ کی 18 ؍ تاریخ کو ہونا تھا، تاہم چیف جسٹس تلنگانہ ہائیکورٹ کے تبادلہ کے باعث اس کیس کی یکسوئی میں مزید تاخیر ہونے کا اندیشہ ہے۔

