گجرات میں قبائلی بچوں کی اسکول جانے والی ویڈیو وائرل

Gujrat School Childrens Image

’’کیا یہی گجرات ماڈل ہے‘‘۔۔۔۔سوشل میڈیا پر صارفین کے تبصرے

احمد آباد : 17 ؍ جولائی (انٹر نیٹ ڈیسک )
گجرات میں اسکولی بچوں کے خطرناک انداز میں سفر کرنے کی ایک ویڈیو نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ کھڑا کر دیا ہے۔ ویڈیو میں اسکول یونیفارم پہنے بچوں کو گاڑی کے اوپر، گاڑی کے آگے اور دائیں بائیں  بیٹھے دکھایا گیا ہے۔
 ویڈیو کو سوشل میڈیا پر کانگریس لیڈر اور گجرات کے ایم ایل اے امیت چاوڈا نے شیئر کیا، جنہوں نے کہا کہ یہ ویڈیو گجرات ریاست کی ترقی کے بارے میں حکومت کے دعووں کی "زمینی حقیقت” کو ظاہر کرتا ہے۔

سمجھا جاتا ہے کہ یہ بچے گجرات کے منکھوسلا کے سروودے ودیالیہ سے ہیں۔
ویڈیو میں ایک سائن بورڈ بھی دکھایا گیا ہے جس پر لکھا ہے ’جے دشاما ودیامندر‘۔ اسکول کے پرنسپل راجندر کمار پرجاپتی نے کہا ہے کہ بچے نجی گاڑیوں میں اسکول آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ مقامی ریاستی ٹرانسپورٹ بس سروس کے حکام سے رابطہ کر چکے ہیں اور بچوں کے لیے انتظامات طلب کر چکے ہیں۔ اس واقعے نے گجرات کے دیہی علاقوں میں اسکولی بچوں کے لیے محفوظ نقل و حمل کی کمی کو اجاگر کیا ہے۔
اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔صارف اسے ’’کیا یہی گجرات ماڈل ہے‘‘جیسے کمنٹس کے ساتھ شئیر کررہے ہیں۔