عادل آباد کے گجانند ہاسپٹل میں ڈائلاسس سنٹر کا افتتاح

عادل آباد : 30 ؍ جولائی ( اپنا وطن نیوز )

عادل آباد مستقر پر واقع سری گجانند ہاسپٹل میں ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں جدید ڈائلاسس سنٹر کا افتتاح عمل میں لایا گیا ہے۔

یشودھا ہاسپٹل سوماجی گوڑہ حیدر آباد کے ڈاکٹر دلیپ ایم بابو ماہر امراض گردہ، ڈاکٹر پنکج جری والا ماہر امراض قلب و ڈاکٹر ابھیجیت نگورنوار جنرل فزیشن و ڈائریکٹر سری گجانند ہاسپٹل عادل آباد نے اس خصوص میں میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ بیشتر عوام 60 تا 70 فیصد گردوں کی خرابی کے بعد ہی ڈاکٹرس سے رجوع ہوتے ہیں جبکہ عام انسان کو بھی ہر چھ ماہ اپنے گردے کی بیماریوں سے متعلق جانچ کروانی چاہئیے۔

انھوں نے بتایا کہ اس طرح کی جانچ  گردوں کے ناکارہ ہونے سے بچانے میں مدد و معاون ہوتی ہے۔اور ابتدا ہی میں ہم اس پر قابو پاسکتے ہیں۔

ڈاکٹرس نے بتایا کہ عام طور پر گردوں کی مختلف بیماریوں کی وجہ بلڈ پریشر یا ذیابطیس کو سمجھا جاتا ہے تاہم پانی کی خرابی اور Stone Belt علاقوں میں یہ بیماری عام طور پر ہوتی ہے۔ اسی طرح زیادہ Pain Killer دوائیوں کا استعمال بھی خرابی گردہ کی وجہ بنتے ہیں۔

چونکہ عادل آباد ضلع کو Stone Belt علاقہ بھی کہا جاتا ہے لہذا یہاں کی عوام میں گردوں سے متعلق امراض زیادہ دیکھے جارہے ہیں۔ ان ہی وجوہات کی بنا عادل آباد مستقر پر جدید تکنیک سے لیس تین ڈائلاسس مشینوں کی تنصیب عمل میں لائی گئی ہے، جس میں ایک وقت ڈائلاسس کروانے کا خرچ 2500 روپئے رکھا گیا ہے۔

ڈاکٹر ابھیجیت نگورنوار جنرل فزیشن و ڈائریکٹر سری گجانند ہاسپٹل عادل آباد نے بتایا کہ ان کے دواخانے میں مریضوں کو بہتر علاج فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

غریب مریضوں کے لئے آروگیہ شری اسکیم کے تحت ڈائلاسس کی سہولت کے لئے حکومت سے اجازت طلب کی گئی ہے اور امید ہے کہ اندرون تین ماہ حکومت کی اجازت کے بعد آروگیہ شری کے تحت ڈائلاسس کیا جاسکے گا۔

پریس کانفرنس میں بی آر ایس قائد سید ساجد الدین، میونسپل کونسلر احمد خان و دیگر موجود تھے۔