ایک لاکھ سے زائد روپیوں کے مالک بھکاری شخص کی بھوک سے موت

گجرات میں پیش آیا عجیب و غریب واقعہ

احمد آباد : 5/ڈسمبر (ایجنسیز)

ہم اکثر سڑکوں پر بھکاریوں کو بھیک مانگتے دیکھتے ہیں۔

گجرات کے ولساڈ سے ایک چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 50 سالہ شخص، جو ایک بھکاری تھا اس کے پاس سے 1.14 لاکھ روپے نقد بر آمد ہوئے ہیں۔ 

ولساڈ پولیس کے مطابق بروز اتوار ایک دکاندار نے ایمرجنسی نمبر 108 پر پولیس کو ڈائل کیا۔ اس میں اس دکاندار نے بتایا کہ  گاندھی لائبریری کے پاس ایک بھکاری پچھلے کچھ دنوں سے بیمار پڑا ہوا ہے۔  تاجر نے بتایا کہ اس بوڑھےشخص کی طبیعت خراب دکھائی دے رہی ہے۔

اس کے بعد پولیس ٹیم موقع پر پہنچی اور اس بوڑھےشخص سے بات کی۔ ابتدائی تفتیش کے بعد اسے بغرض علاج مقامی سرکاری دواخانہ میں شریک کروایا گیا۔

ولساڈ سول اسپتال کے ڈاکٹر کرشنا پٹیل کے مطابق جب مریض کو ہمارے پاس لایا گیا تو اس نے چائے منگوائی۔ ہم نے سوچا کہ وہ بھوکا ہے اور اس کا بلڈ شوگر کم ہے۔

ہم نے سلائن سے علاج شروع کیا۔ دوران علاج ایک گھنٹے بعد اس کی موت ہو گئی۔ اس نے پچھلے کچھ دنوں سے کچھ نہیں کھایا تھا۔ ابھی تک بھکاری کی شناخت  نہیں ہو  پائی تھی۔

بھاویش پٹیل نے مزید کہا، "جب بیمار شخص کی موت واقع ہوگئی ہم نے اس کے افراد خاندان سے رابطہ قائم کرنے کے لئے شناختی کارڈس ٹٹولے تاہم ہمیں اس کی جیب سے  1.14 لاکھ روپے کی نقدی ملی۔

اس میں 500 روپے کے 38 نوٹ، 200 روپے کے 83 نوٹ، 100 روپے کے 537 نوٹ اور 20 اور 10 روپے کے دیگر نوٹ شامل ہیں۔ . اس متوفی شخص نے یہ تمام نوٹ جمع کر لیے تھے اور پلاسٹک کے تھیلے میں لپیٹ کر سویٹر کی جیب میں رکھ لیا تھا۔

بعد ازاں ہم نے طبی عملہ کی موجودگی میں نقد رقم ولساڈ سٹی پولیس کے حوالے کر دی۔

جب اس شخص کا پوسٹ مارٹم کیا گیا تب رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی کہ بھوک (فاقہ کشی) کے باعث اس بھکاری کی موت واقع ہوئی تھی۔