کانگریس قائد کندی سرینواس ریڈی آر ایس ایس کے ایجنٹ۔ جوگورامنا
عادل آباد : 29 ؍ جولائی ( اپنا وطن نیوز بیورو )
رکن اسمبلی عادل آباد و سابق ریاستی وزیر مسٹر جوگو رامنا نے کانگریس قائد و این آر آئی کندی سرینواس ریڈی پر سنسنی خیز الزام لگایا کہ وہ اور اُن کے حامی، ان کے قتل کی سازش کر رہے ہیں۔
مسٹر رامنا نے آج ایم ایل اے کیمپ آفس پر منعقدہ پریس کانفرنس میں مزید بتایا کہ کانگریس قائد کندی سرینواس ریڈی ان پر اور ان کے افراد خاندان پر غیر ضروری بے بنیاد الزامات عائد کررہے ہیں جس کا جواب وہ ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے ذریعہ دیں گے۔
انھوں نے کہا کہ این آر آئی ہونے کا دعویٰ کرنے والے کندی سرینواس ریڈی کے پاس سیاسی اقدار کی کمی پائی جاتی ہے جو اقتدار میں موجود عوامی نمائندے اور ان کے افراد خاندان کے خلاف عوامی جلسوں میں بے بنیاد الزامات لگارہے ہیں۔
انھوں نے چیالنج کیا کہ اگر وہ میرے اوپر لگائے گئے بدعنوانی کے الزامات کو ثابت کر تے ہیں تب میں سیاسی زندگی سے سبکدوش ہوجاؤں گا اور اگر وہ ناکام ہوتے ہیں تب انھٰیں سیاسی میدان چھوڑکر دوبارہ امریکہ چلے جانا ہوگا؟
رکن اسمبلی نے مزید کہا کہ کانگریس میں شمولیت سے قبل این آر آئی کندی سرینواس جو کہ بی جے پی کے قائد تھے اپنے آپ کو آر ایس ایس کا سرگرم کارکن قراردیتے نہیں تھکتے تھے ۔
بی جے پی میں رہتے ہوئے وہ ہر جگہ بی جے پی کے سرکردہ قائدین سے اپنے تعلقات کا دعوے کرتے تھے، اور جس وقت انھیں محسوس ہوا کہ انھیں بی جے پی سے ٹکٹ ملنا ممکن نہیں، وہ کانگریس میں شامل ہوکر ان پر بے بنیاد الزام تراشی میں مصروف ہیں۔
ان کی یہ اوچھی حرکتیں برداشت نہیں کی جائیں گی بلکہ عدالت میں ان کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ بھی دائر کیا جائے گا۔
رکن اسمبلی عادل آباد جوگورامنا نے دعوی کیا کہ اگر کندی سرینواس ریڈی کو حلقہ اسمبلی عادل آباد سے کانگریس کا ٹکٹ نہیں مل پاتا ہے تب وہ اگلی فلائٹ سے ہی امریکہ فرار ہوجائیں گے۔
رکن اسمبلی کے اس بیان کے بعد کہ ان کے خلاف کی سازش کی جارہی ہے، ضلع عادل آباد کی سیاست میں زبردست اُبال دیکھا جارہا ہے۔
سیاسی قائدین ایک دوسرے کے خلاف صف آرا دکھائی دے رہے ہیں۔ الزام تراشیوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور ان الزام تراشیوں میں اب قائدین ایک دوسرے کے افراد خاندان کو بھی گھسیٹنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھ رہے ہیں۔

