حماس کا اچانک بڑا حملہ، مسلح جنگجو اسرائیل میں داخل ہو گئے

Israel

اسرائیل پر اندرون 20 منٹ 5 ہزار راکٹ داغے گئے

اسرائیل کی جوابی کاروائی۔ جنگ کا اعلان کردیا

یروشلم : 7 / اکتوبر (ایجنسیز)

فلسطینی اسلامی تحریک حماس نے کئی سالوں بعد اسرائیل پر اچانک ایک بڑا حملہ کیا ہے جس میں غزہ پٹی سے راکٹ برسانے کے علاوہ مسلح افراد اسرائیل میں داخل ہوئے ہیں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سنیچر کی صبح یروشلم سمیت جنوبی اور وسطی اسرائیل میں خطرے کے سائرن سنے گئے جبکہ فوج کا کہنا ہے کہ وہ جنگ لڑنے کو تیار ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے سکیورٹی حکام کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔

سال 2021 میں حماس اور اسرائیل کے درمیان دس دنوں تک جاری رہنے والی لڑائی کے بعد یہ حملہ شدید تصور کیا جا رہا ہے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق محمد ضیف نے ریکارڈ شدہ پیغام میں کہا ہے کہ سنیچر کو ’آپریشن الاقصا سٹارم‘ کا آغاز کرتے ہوئے 5 ہزار راکٹ اسرائیل میں برسائے گئے ہیں۔

محمد ضیف نے تمام فلسطینیوں سے اسرائیل کا سامنا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ’ہم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ بس بہت ہو گیا۔‘

حماس کے عسکری ونگ کے سربراہ محمد ضیف پر اسرائیلی کی جانب سے کئی قاتلانہ حملے ہو چکے ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ عوام میں نہیں آتے۔

ان کے حالیہ پیغام کی بھی ریکارڈنگ جاری کی گئی ہے۔

اسرائیلی فوج نے بھی کہا ہے کہ ’متعدد دہشت گرد اسرائیل کی سرحد میں داخل ہوئے ہیں،‘ تاہم مزید معلومات نہیں فراہم کی گئیں۔

اسرائیل کے سرحدی شہر سدیروت کی سوشل میڈیا پر ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں یونیفارم میں ملبوس ایک شخص کو دیکھا جا سکتا ہے جبکہ فائرنگ کی آوازیں بھی سنی جا سکتی ہیں۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی میں اپنے اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں جبکہ ویر دفاع نے ریزرو فوجیوں کی تعداد بڑھانے کی منظوری دے دی ہے۔

سنیچر کی صبح کو غزہ کی پٹی میں موجود عسکریت پسندوں نے اسرائیل کی جانب درجنوں راکٹ برسائے جس کے بعد ملک بھر میں خطرے کے سائرن بجائے گئے۔ تقریباً آدھ گھنٹہ یہ سلسلہ جاری رہا۔

اسرائیل کی ریسکیو ایجنسی میگن ڈیوڈ ایڈم کا کہنا ہے کہ جنوبی اسرائیل میں ایک راکٹ گرنے سے 70 سالہ خاتون شدید زخمی ہوئی ہیں جبکہ ایک اور مقام پر ایک 20 سالہ لڑکا راکٹ شارپنل لگنے سے زخمی ہوا ہے۔

اسرائیل کے جنوبی اور وسطی علاقوں پر راکٹ حملوں کے دوران شہریوں کو اپارٹمنٹس اور گھروں کے پاس بنے ہوئے شیلٹرز کے قریب رہنے کی ہدایت کی گئی۔

اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کے قریب رہنے والوں کو ’سکیورٹی حادثے‘ کے باعث اپنے گھروں کے اندر رہنے کو کہا ہے۔

اسی دوران اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ کی پٹی میں حماس کے فوجی ٹھکانوں کو ہفتے کے روز ایک مرتبہ پھر نشانہ بنایا  ہے، اسرائیلی فوج  کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حماس کے زیر انتظام فلسطینی  علاقے سے راکٹ فائر کیے گئے تھے۔

اے ایف پی نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کچھ  دیر پہلے ہونے والے  راکٹ حملے کے جواب میں اسرائیلی فوجی طیاروں نے غزہ کی پٹی میں حماس کے متعدد  ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔