عادل آباد : 24/ستمبر (اپنا وطن نیوز)
تلنگانہ کے ضلع عادل آباد کے موالا منڈل تحصیلدار عارفہ سلطانہ ، آر آئی ہنمنتو کو آج اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) کے عہدیداران نے 2 لاکھ روپئے رشوت قبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑلیا۔
ڈی ایس پی اے سی بی مسٹر رمنا مورتی کے بموجب مستقر عادل آباد کے رہائشی یتیندر ناتھ یادو کی شکایت پر آج صبح اے سی بی کی ٹیم نے موالا تحصیلدار دفتر پر چھاپہ مارا اور شکایت کنندہ سے دو عہدیداران کو رشوت قبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔
انھوں نے مزید بتایا کہ شکایت کنندہ موالا منڈل کے حدود میں واقع اپنی زرعی اراضی کے پٹہ پاس بک میں پائی جانے والی غلطیوں کی درستگی کی غرض سے چند دن قبل ضلع کلکٹر سے رجوع ہوا تھا۔ ضلع کلکٹر نے شکایت کنندہ کی درخواست کی یکسوئی کے لئے موالا تحصیل دفتر سے رپورٹ طلب کی تھی۔
تحصیل دفتر کے عملہ نے پٹہ پاس بک میں پائی جانے والی غلطیوں کی تصحیح کی رپورٹ بھیجنے کے لئے عرضداشت سے 2 لاکھ روپئے رشوت طلب کئے، جس کے بعد شکایت کنندہ اے سی بی عہدیداران سے رجوع ہوا۔
دفتر کو آج تعطیل کے باوجود عملہ کی دفتر آمد اور رشوت کی قبولی باعث حیرت مانی جارہی ہے۔
واضح ہو کہ ایک ماہ قبل ہی موالا تحصیلدار عارفہ سلطانہ کا تبادلہ ضلع نرمل سے ان کے آبائی مقام مستقر عادل آباد عمل میں آیا تھا۔

