حیدر آباد : یکم فروری (اپنا وطن نیوز)
بی آر ایس صدر اور سابق چیف منسٹر کے۔ چندر شیکھر راؤ نے آج بحیثیت رکن اسمبلی اپنے عہدہ کا حلف لے لیا۔
وہ حالیہ اسمبلی انتخابات میں گجویل سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
انھوں نے دوپہر 12:45 کو اسمبلی اسپیکر کے چیمبر میں حلف لیا۔ اسپیکر اسمبلی گڈم پرساد کمار نے انھیں حلف دلایا۔
واضح ہو کہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس نے فتح حاصل کرتے ہوئے اپنی حکومت بنائی تھی اور اس کے دو دن بعد ہی اتفاقاً کے سی آر پھسل کر اپنے گھر میں گر گئے تھے۔
بعد ازاں کے سی آر کی حیدرآباد کے ایک نجی اسپتال میں سرجری ہوئی۔ ڈاکٹروں کے مشورہ کے مطابق کے سی آر کئی دنوں سے آرام کر رہے ہیں۔
وہ چھڑی کے سہارے آج دوپہر احاطہ اسمبلی پہنچے اور بعد ازاں اسپیکر اسمبلی کے چیمبر پہنچ کر عہدہ کا حلف لیا۔
تقریب حلف برداری کے دوران ریاستی وزیر سریدھر بابو، سابق اسپیکر اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی کے علاوہ سابق ریاستی وزرا و بی آر ایس قائدین موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق بحیثیت رکن اسمبلی عہدہ کا حلف لینے کے بعد انھوں نے قائد اپوزیشن کے عہدہ کا بھی جائزہ حاصل کرلیا۔
قبل ازیں اسمبلی انتخابات کے موقع پر کے سی آر نے دو سیٹوں پر مقابلہ کیا تھا اور گجویل میں کامیابی حاصل کی۔ لیکن وہ کاماریڈی میں شکست سے دوچار ہوگئے تھے۔
تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں فتح حاصل کرنے والے تمام ایم ایل ایز پہلے ہی حلف لے چکے ہیں۔ صرف کے سی آر چوٹ کی وجہ سے حلف نہیں لے سکے تھے۔
سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق کے سی آر کی حلف برداری کے بعد عنقریب منعقد ہونے والے اسمبلی کے بجٹ سیشن میں ان کی موجودگی سے تلنگانہ کے سیاسی بیان بازیوں میں مزید شدت دیکھی جائیگی۔