حیدر آباد : 10/ڈسمبر (اپنا وطن نیوز)
چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر ریونت ریڈی نے آج شہر کے ایک خانگی دواخانہ میں زیر علاج سابق چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی عیادت کی۔
سوماجی گوڑہ علاقہ میں واقع ایک خانگی دواخانہ میں شریک کے سی آر کی عیادت کے لئے ریونت ریڈی ریاستی وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، سیتا اکا کے علاوہ کانگریس قائد محمد علی شبیر کے ہمراہ پہنچے ۔
CM Revanth Reddy accompanied by KTR visits BRS Chief KCR at Yashoda hospital pic.twitter.com/8rKeZUpPJH
— Naveena (@TheNaveena) December 10, 2023
دواخانہ میں موجود سابق ریاستی وزیر کے ٹی آر نے اپنے والد کے چندر شیکھر راؤ کی موجودہ صحت کے بارے میں بتایا نیز ان کی کے سی آر سے ملاقات کروائی۔اس موقع پر ہریش راؤ بھی موجود تھے۔
عیادت کے بعد ریونت ریڈی نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ کے سی آر کی جلد از جلد صحتیابی کے لئے وہ دعاگو ہیں۔ انھوں نے ڈاکٹرس سے سابق وزیر اعلیٰ کی صحت کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں اور انھیں ہدایت دی کہ وہ ان کا بہتر سے بہتر علاج کریں۔
انھوں نے یہ خواہش کی کہ کے سی آر جلد روبہ صحت ہوکر دوبارہ سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لیں تاکہ عوامی مسائل کو حکومت کے علم میں لایا جاسکے۔
واضح ہو کہ اپنے فارم ہاؤس کے باتھ روم میں پیر پھسل کر گرنے کے باعث سابق چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے سی آر کو آپریشن کے عمل سے گزرنا پڑا تھا اور تبھی سے وہ یشودھا ہاسپٹل میں زیر علاج ہیں۔

