عادل آباد ضلع میں مزید تین منڈل جات کی تشکیل ، وزیر اعلیٰ کے سی آر کا اعلان

TELANGANA CM KCR ANNOUNCED THREE MORE NEW MANDALS FOR ADILABAD DIST

ضلع عادل آباد میں مزید تین نئے منڈل جات کی تشکیل۔ عوام کا اظہار مسرت

سونالہ منڈل کی تشکیل کے لئےابتدائی نوٹفکیشن کا اجرا

کامیاب نمائندگی پر رکن اسمبلی عادل آباد جوگورامنا سے عوام کا اظہار تشکر

عادل آباد:  (اپنا وطن نیوز؍ جلیل احمد خان)

وزیر اعلیٰ تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے حالیہ دورہ آصف آباد کے موقع پر ان کی جانب سے ضلع عادل آباد میں مزید تین نئے منڈل جات کے قیام کے اعلان کے بعد سے علاقہ کے عوام میں مسرت کی لہر دیکھی جارہی ہے۔ رکن اسمبلی عادل آباد مسٹر جوگورامنا نے علاقہ کے عوام کی دیرینہ خواہش پر وزیر اعلیٰ کے سی آر کی توجہ ان منڈل جات کے قیام کی جانب مبذول کروائی تھی جس کے بعد وزیر اعلیٰ نے موجودہ جیند منڈل کے تحت آنے والے سات نالہ اور بھورج مواضعات کو نئے منڈل جات کا درجہ دینے جبکہ اسی طرح بوتھ منڈل کے تحت آنے والے سونالہ موضع کو بھی منڈل کا درجہ دینے کا اعلان کیا۔

انھوں نے اس خصوص میں اپنے دورہ آصف آباد کے موقع پر بذریعہ فون اعلیٰ عہدیداران کو ہدایات دیں کہ وہ نو تشکیل شدنی منڈل جات کے لئے ضروری اقدامات کریں ۔ ضلع عادل آباد میں ان منڈل جات کے قیام کو لے کر کافی عرصہ سے عوام حکومت سے نمائندگی کررہے تھے تاکہ ان علاقوں کے عوام کو دفاتر کے کاموں میں آسانی پیدا ہوسکے۔

وزیر اعلیٰ کی ہدایات کے بعد متعلقہ عہدیداران نے آج سونالہ منڈل کے قیام کے لئے ابتدائی نوٹفکیشن جاری کردیا ہے۔ 10 مواضعات کے عوام سے اس خصوص میں رائے طلب کی گئی ہے تاکہ سونالہ کو بحیثت منڈل کا درجہ دیا جاسکے۔ عوام، عوامی نمائندوں سے رائے طلب کرنے کے بعد حتمی نوٹفکیشن کے ذریعہ نئے منڈل جات تشکیل پا جائیں گے۔

رکن اسمبلی عادل آباد مسٹر جوگورامنا کی جانب سے وزیر اعلیٰ کے سی آر سے کامیاب نمائندگی پر ان نو تشکیل شدنی منڈل جات کے عوام نے ان کے کیمپ آفس پہنچ کر ان سے اظہار تشکر کیا اور انھیں زبردست تہنیت پیش کی گئی۔