ریاستی وزرا سریدھر بابو اور پونم پربھاکر کی عادل آباد میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں شرکت
عادل آباد : 25/ڈسمبر (اپنا وطن نیوز)
کل ہند کانگریس کمیٹی کے قیام کے 139 سالوں کی تکمیل پر ریاست مہاراشٹرا کے شہر ناگپور میں اس ماہ کی 28 تاریخ کو بڑے پیمانے پر ریالی منعقد کی جائے گی۔
حکومت تلنگانہ کے وزرا ڈی سریدھر بابو اور پونم پربھاکر نے آج ضلع مستقر عادل آباد کا دورہ کرتے ہوئے سابقہ متحدہ ضلع عادل آباد کے کانگریسی قائدین و کارکنان کا جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں طئے کیا گیا کہ متحدہ ضلع عادل آباد سے ہزاروں کی تعداد میں عوام کو اس ریالی میں شریک کروایا جائے گا۔
ان قائدین نے ضلع کے پارٹی قائدین و کارکنان کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں ناگپور میں منعقد شدنی یوم تاسیس تقاریب کی تشہیر کریں اور عوام کو اس ریالی میں شرکت کے لئے تیار کریں۔
قبل ازیں ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی سریدھر بابو نے اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عنقریب منعقد ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں فرقہ پرست بی جے پی پارٹی کو کانگریس شکست فاش سے دوچار کرے گی۔
ناگپور میں منعقد شدنی کانگریس کی تاسیسی ریالی اس سفر کے آغاز کا سبب بنے گی اور ملک کے نوجوانوں اور بیروزگاروں کو اس ریالی سے ایک پیغام دیا جائے گا۔
ریاستی وزیر بی سی ویلفیر مسٹر پونم پربھاکر نے کہا کہ ناگپور کی منعقد شدنی ریالی تاریخی ریالی ہوگی جس میں 10 لاکھ کے قریب شرکا موجود رہیں گے۔ انھوں نے کہا کہ علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل دراصل کانگریس پارٹی کی دین ہے اور ایسے میں اس پارٹی کی یوم تاسیس تقریب میں شرکت کرنا کانگریس قائدین کے لئے قابل فخر ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں عوامی راج والی حکومت کا آغاز ہوچکا ہے، عوامی شکایتوں کی یکسوئی کی جارہی ہے اور کانگریس کی ضمانتوں پر درخواستوں کی وصولی کا عمل بھی شروع کیا جانے والا ہے۔
انھوں نے کانگریس کارکنان سے اپیل کی کہ وہ عوام اور سرکاری عہدیداران کے مابین تال میل کے ذریعہ عوامی مسائل پر مبنی درخواستوں کی یکسوئی عمل میں لائیں۔
کل ہند کانگریس کمیٹی کی یوم تاسیس کے موقع پر ناگپور میں بھی بڑے پیمانے پر تیاریاں جاری ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ کانگریس کی مذکورہ ریالی میں 10 لاکھ افراد کو شریک کروانے کی قائدین کوشش کررہے ہیں۔
امکان ہے کہ اس ریالی میں کانگریس کے قومی صدر ملیکارجن کھرگے، سابق صدور سونیا گاندھی، راہول گاندھی کے علاوہ پرینکا گاندھی اور کانگریس اقتدار والی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ بھی شرکت کریں گے۔
عادل آباد میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں متحدہ ضلع عادل آباد کے کانگریس قائدین ویڈما بوجو پٹیل رکن اسمبلی خانہ پور، ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ، ریکھا شیام نائک، شیام نائک، سری ہری راؤ، نارائن راؤ پٹیل، کندی سرینواس ریڈی، گوردھن ریڈی، مرزا یعقوب بیگ، عبدالخالق المعروف جانٹی، نور خان پٹھان، شاکر، خضر ، محمد شکیل، عبدالقیوم و دیگر موجود تھے۔

