حلقہ اسمبلی ورنگل (مغرب )سے داسیم ونئے بھاسکر نے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا

ورنگل کی ترقی ہی میرا نصب العین۔بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے داسیم ونئے بھاسکر کی عوام سےاپیل

 

ورنگل : 10/نومبر (اپنا وطن نیوز)

حلقہ اسمبلی ورنگل (مغرب) سے بی آر ایس پارٹی امیدوار مسٹر داسیم ونئے بھاسکر نے آن اپنا پرچہ نامزدگی داخل کردیا۔

داسیم ونئے بھاسکر نے سینکڑوں پارٹی کارکنوں اور عوام کی بڑی تعداد کی موجودگی میں دفتر آر ڈی او ورنگل پہنچے جہاں پر انھوں نے ریٹرننگ آفیسر کے پاس اپنا پر چہ نامزدگی داخل کردیا۔

بعد ازاں انھوں نے میڈیا نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کے آشرواد سے وہ ان انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں تاکہ حلقہ اسمبلی ورنگل (مغرب) کی ہمہ جہتی ترقی ممکن ہوسکے۔

انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے انھیں بھاری اکثریت دلائیں۔ انھوں نے کہا کہ ایک ایسا امیدوار جو ہمیشہ عوامی کاز کے لئے جیتا ہے اور عوام کے درمیان ان کے خوشی و دکھ کے لمحات میں برابر کا شریک رہتا ہے ، عوام کو ایسے ہی شخص کو ووٹ دینے کی ضرورت ہے۔

داسیم ونئے بھاسکر نے مزید کہا کہ کورونا جیسی وبا کے دوران بھی انھوں نے عوام کے درمیان رہتے ہوئے ان کی ہر سطح پر ممکنہ مدد کی تھی۔ اس کے علاوہ حلقہ اسمبلی کے کونسے حصہ میں کونسا مسٗلہ عوام کو درپیش ہے اس کا انھیں مکمل علم ہے۔

 

 

میری لڑائی اپوزیشن جماعتوں کے امیدواروں سے نہیں بلکہ ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ پیدا کرنے والوں سے ہے۔ اس مقابلہ میں عوام ہی فیصلہ کریں گے کہ انھیں ترقی پسند بی آر ایس پارٹی امیدوار چاہئے یا ترقیاتی کاموں میں بدعنوانی و رخنہ ڈالنے والے قائدین چاہئے۔

2009  میں علحدہ ریاست تلنگانہ کی تحریک کا آغاز بھی ہنمکنڈہ ورنگل سے ہی ہوا تھا۔ اس تحریک میں میرا رول بھی ناقابل فراموش ہے۔ اس وقت میں تلنگانہ کاز کے لئے اپنی رکنیت سے استعفی پیش کردیا تھا۔ پر امن احتجاج اور کئی قربانیوں کے ذریعہ علحڈہ ریاست تلنگانہ کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکا۔ لہذا اس مرتبہ سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کا خواب پورا ہونے کا وقت آچکا ہے۔

 

انھوں نے میڈیا نمائندوں کو مزید بتایا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت نے روزمرہ استعمال کی  اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے علاوہ پکوان گیس سلنڈر کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کیا ہے جس سے غریب گھرانوں کے عوام بالخصوص خواتین کو شدید تکالیف کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

بی آر ایس حکومت صرف 400 روپیوں میں ہی گیس سلنڈر فراہم کرے گی۔

اس کے علاوہ ہنمکنڈہ شہر کو حیدر آباد شہر کی طرز پر ترقی دی جائے گی۔میری فتح کے بعد میں ہر ہفتہ ایک اپارٹمنٹ کا دورہ کرتے ہوئے وہاں کی عوام کے مسائل کو حل کروں گا۔

 

قبل ازیں پرچہ نامزدگی کے ادخال کے موقع پر داسیم ونئے بھاسکر کے ہمراہ شہر کی مئیر جی۔سدھارانی، کوڈا چیرمین سندر راج یادو، سابق کوڈا چیر مین مری یادو ریڈی، کھادی بورڈ چیرمین مولانا محمد یوسف زاہد موجود تھے۔