شہنشاہ اکبر امن و جمہوریت کے عظیم داعی

مرکزی حکومت کی G-20میگزین میں مغل حکمراں اکبر کی زبردست تعریف

نئی دہلی : 13 / ستمبر ( انٹر نیٹ ڈیسک )

حکومت ہند نے G-20 اجلاس کی مناسبت سے شائع کردہ اپنی میگزین میں مغل حکمراں شہنشاہ جلال الدین اکبر کو ایک عظیم رہنما قرار دیتے ہوئے انھیں امن و جمہوریت کا داعی سے تعبیر کیا۔

24 صفحات پر مشتمل اس میگزین میں بادشاہ اکبر کی زبردست تعریف کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ شہنشاہ اکبر کی سونچ وقت سے بہت آگے تھی۔

واضح ہوکہ سرکردہ بی جے پی قائدین مغل حکمرانوں کو ملک دشمن قرار دینے کی حتی المقدور کوشش کرتے ہیں اور ان کے ناموں پر قائم متعدد سڑکیں اور عمارتوں کے نام تبدیل بھی کردئیے گئے ہیں تاہم جی۔20 اجلاس کے دوران عالمی رہنماؤں کو لبھانے کی غرض سے اکبر کی زبردست تعریف کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ شہنشاہ اکبر نے 1556 تا 1605 کے درمیان ہندوستان پر حکومت کی تھی۔

مرکزی حکومت کے دہرے رویے کے خلاف طنز کستے ہوئے سپریم کورٹ کے نامور وکیل و رکن راجیہ سبھا مسٹر کپل سبل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر لکھا کہ ’’ایک چہرہ دنیا کو دکھانے کا، ایک چہرہ انڈیا کے لئے! برائے مہربانی اصل من کی بات بتائیں‘‘۔