ڈی جی محکمہ جیل سومیا مشرا نے افتتاح انجام دیا
عادل آباد : 24/فروری ( اپنا وطن نیوز )
مستقر عادل آباد پر موجود ضلع جیل کے احاطہ میں ریاستی محکمہ جیل کی جانب سے قائم کردہ پٹرول پمپ کا ڈی جی سومیا مشرا نے آج افتتاح انجام دیا۔
اس موقع پر منعقدہ تقریب کو مخاطب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ریاست کی مختلف جیلوں میں سزا کاٹ رہے قیدیوں کو روزگار کی فراہمی کے لئے اس طرز کے پٹرول پمپس کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔
تاحال ریاست بھر میں 36 پٹرول پمپس قائم کئے جا چکے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ان پٹرول پمپس کے قیام سے ایک جانب قیدیوں کو روزگار حاصل ہوگا تو دوسری جانب جب وہ قیدی اپنی سزا کاٹ کر گھر واپس ہوں گے تب انھیں روزگار کے حصول میں آسانی ہوگی۔
اس طرح قیدی جب ہنر مند ہوکر روزگار سے جڑیں گے تب وہ جرائم سے دور رہیں گے۔

ضلع کلکٹر عادل آباد مسٹر راہول راج پی ایس نے عادل آباد شہر میں محکمہ جیل کی جانب سے پٹرول پمپ کے قیام اور افتتاح کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعہ سے عوام کو معیاری اور مکمل مقدار میں پٹرول ملے گا اور قیدیوں کے لئے روزگار کا ذریعہ بنے گا۔
انھوں نے پٹرول پمپ کو کامیابی سے چلانے میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے محکمہ جیل کو تعاون فراہم کرنے کا اعلان کیا ۔
مذکورہ پٹرول پمپ بھارت پٹرولیم کے اشتراک و تعاون سے ضلع جیل، واقع خورشید نگر عادل آباد کے نزد قائم کیا گیا ہے۔
اس تقریب میں آئی جی محکمہ جیل مرلی بابو، ڈپٹی آئی جی سمپت، سپرنٹنڈنٹ ضلع جیل عادل آباد اشوک کمار و دیگر موجود تھے۔

