ضلع عادل آباد کے ایچوڑہ میں پیش آیا واقعہ
معمولی کشیدگی کے بعد ضلع ایس پی غوث عالم کا دورہ
عادل آباد : 26/جنوری (اپنا وطن نیوز)
ضلع عادل آباد کے ایچوڑہ منڈل مستقر پر آج اس وقت معمولی کشیدگی دیکھی گئی جب ایک طبقہ کے اسکولی طلبا نے یوم جمہوریہ تقریب کے موقع پر نکالی گئی ریالی میں ’’جئے شری رام‘‘ کے نعرے بلند کئے۔
تفصیلات کے مطابق ایچوڑہ منڈل مستقر پر قائم ضلع پریشد ہائی اسکول (تلگومیڈیم) کے انتظامیہ نے ہر سال کی طرح امسال بھی یوم جمہوریہ کے موقع پر آج شہر میں طلبا کی ریالی منعقد کی۔
ریالی کے موقع پر ہرسال اسی اسکول کے طلبا قومی یکجہتی و قومی رہنماؤں کی بڑھائی پر مشتمل نعرے بلند کرتے ہوئے رنگارنگ تقریب منعقد کیا کرتے تھے تاہم اس بار منعقد ہوئی یوم جمہوریہ کی ریالی کے موقع پر طلبا کی جانب سے ’’جئے شری رام‘‘ کے نعرے بلند کئے گئے۔
مقامی عوام کے مطابق طلبا کی ریالی جیسے ہی جامع مسجد کے قریب پہنچی طلبا زور زور سے یہی نعرے لگانے لگے جس کے بعد اقلیتی طبقہ کے نوجوانوں نے اس پر اعتراض کیا اور ریالی کی نگرانی کررہے اساتذہ سے اس کی شکایت کی۔
اقلیتی طبقہ کے نوجوانوں نے اساتذہ کو بتایا کہ یوم جمہوریہ کی تقاریب بلا تفریق مذہب ہر ہندوستانی مناتا ہے اور ایسے میں حب الوطنی کے نعرے لگانے کے بجائے سرکاری اسکول کے طلبا جان بوجھ کر متنازعہ نعرے بازی کررہے ہیں لہذا انھیں خاموش کروایا جائے۔
تاہم ریالی کی نگرانی کررہے اساتذہ کی جانب سے اس مسٗلہ پر معنی خیز خاموشی کے باعث طلبا ایسے ہی نعرے بازی کرتے ہوئے مختلف شاہراہوں سے گزرکر اسکول پہنچے۔
مقامی رکن منڈل پرجا پریشد محمد زاہد و دیگر سیاسی قائدین نے سرکاری اسکول انتظامیہ کے خلاف مقامی سرکل انسپکٹر کو اس کی شکایت کی اور سخت کاروائی کا مطالبہ کیا۔
اسی طرح قائدین نے عادل آباد پہنچ کر ضلع مہتمم تعلیمات سے بھی تحریری شکایت کی۔
اس واقعہ کے رونما ہونے کے بعد مقامی طور پر تناؤ کو دیکھتے ہوئے پولیس کی بھاری جمعیت مساجد و شہر کے دیگر اہم علاقوں میں متعین کردی گئی تھی۔
ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس عادل آباد مسٹر غوث عالم آئی پی ایس نے دیگر پولیس عملہ کے ساتےھ ایچوڑہ کا دورہ کرتے ہوئے حالات کا جائزہ لیا اور مقامی پولیس کو ضروری اقدامات کرنے کی ہدایات دیں۔
جمعہ کے پیش نظر ایچوڑہ میں وسیع پولیس بندوبست کیا گیا تھا۔ پولیس کی بروقت آمد اور کاروائی کے باعث شہر کے حالات پُر امن و معمول پر ہیں۔

