5 کروڑ مالیتی مسروقہ اشیا برآمد۔سکندر آباد سرقہ کا معمہ حل
حیدر آباد : 19 ؍ جولائی (اپنا وطن نیوز بیورو)
حیدر آباد پولیس کو آج اس وقت زبردست کامیابی ملی جبکہ اس نے سکندرآباد کے بالاجی نگر میں واقع اوم ٹاورس میں ایک مکان میں سرقہ کے الزام میں نیپالی شہریت رکھنے والی سارقین کی 9 رکنی ٹولی کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کی خصوصی ٹیم نے نیپال کی سرحد پرسیما سرکشا بل ( ایس ایس بی) کی مدد سے 14؍ جولائی کی صبح ہی 3رکنی نیپالی گینگ جن میں کمل، پاروتی، سنیل شامل ہیں کو منصوبہ بند طریقہ سےگرفتار کرلیا جو کہ گذشتہ دنوں سکندرآباد میں ایک گھر کو لوٹنے میں ملوث تھی۔
اس ٹولی کے پاس سے 5 کروڑ مالیتی مسروقہ اشیا جن میں ،2.8کلو سونا، چاندی , 18قیمتی دستی گھڑیوں کے علاوہ بیرونی کرنسی کی شکل میں41لاکھ روپئے نقدرقم کو ضبط کرلیا گیا۔
بعد ازاں مابقی دیگر سارقین کو آج حیدر آباد کے بیگم پیٹ علاقہ سے گرفتار کیا گیا۔
کمشنر آف پولیس حیدرآباد سٹی مسٹر سی۔وی۔آنند نے ٹی ایس آئی سی سی بلڈنگ کے منی کانفرنس ہال میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے، گرفتاری کے بارے میں جانکاری دی اور کہا کہ پولیس نے مسروقہ اشیاء سونا، چاندی، نقدی تمام تقریباً 5 کروڑ روپے کی مالیت کو ضبط کرلیا ہے۔
’’نیپال سرحد پر تین رکنی ٹولی کی گرفتاری کا ویڈیو‘‘
یہ چوری کی اتنی بڑی کوشش ہے جو حالیہ دنوں میں اب تک نہیں ہوئی۔انھوں نے کہا کہ پولیس اگر نیپال بارڈر پر بروقت انھیں نہ پکڑپاتی تب انڈو نیپال ٹریٹی بارڈر کے راستہ یہ نیپال کی سرحد میں داخل ہوجاتے۔ پھر ان مجرمین سے مسروقہ مال کی برآمادگی ناممکن ہوجاتی۔
انہوں نے کہا کہ اس گینگ کا ایک شخص جو کہ نیپال سے تعلق رکھتا تھا، پانچ سال سے زائد عرصہ سے سکندر آباد میں رہائش پزیر اسٹیل تاجر راہول گوئل کے مکان میں کام کر رہا تھا جس کی شناخت شنکر مان سنگھ کے کے طور پر کی گئی ہے۔یہ بحیثیت سیکیوریٹی گارڈ اپنی اہلیہ اور فرزند کے ہمراہ راہول گوئل کے مکان میں کام کرتا تھا۔
انہوں نےتفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ جیسے ہی پولیس کو سکندر آباد کے مکان میں ڈاکہ زنی کا علم ہوا تھا اور یہ محسوس ہوا تھا کہ اس کے پیچھے نیپالی گینگ کا ہاتھ ہے ،تبھی سے پولیس کی چار خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی تھیں۔ انھوں نے بتایا کہ فوری طور پر پولیس حرکت میں آگئی اور نیپال بارڈر پر موجود ایس ایس بی پولیس کو اس گینگ کے متعلق تصاویر و دیگر تفصیلات بھیج دی گئی تھی۔
انھوں نے کہا کہ ملزمان کا تعلق نیپال کی برگلری گینگ سے ہے ۔ چوری کے بعد یہ گینگ تین ٹیموں میں تقسیم ہوگئی تھی اور ملک کے علحدہ علحدہ شہروں ممبئی، بنگلور، پونہ میں اس گینگ نے کرائے کے مکانات میں اپنا ڈیرہ جمایا ہوا تھا۔
پولیس کی چار ٹیمیں ان کی حرکات پر نظر رکھی ہوئی تھیں اور ان کا پیچھا کیا جارہا تھا۔
انھوں نے کہا کہ مفرور باقی تین ملزمین بھرت بستا، بھارتی سعود اور پوجا سعود فی الحال مفرور ہیں۔ تمام گرفتار ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ کے لیے سکندرآباد کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

