ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید

ہیلی کاپٹر حادثے کے مقام سے ایرانی صدر، وزیر خارجہ اور دیگر کی لاشیں مل گئیں، سرکاری میڈیا

ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق گزشتہ روز ہیلی کاپٹر کے حادثے میں  صدر ابراہیم رئیسی، وزیرِ خارجہ حسین امیر عبدالہیان سمیت اعلیٰ حکام ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔ ان کی لاشیں مل چکی ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق آئین کی رو سے نائب صدر صدارتی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ سرکاری ٹی وی نے ایران کے مشرقی آذربائیجان صوبے میں حادثے کی فوری وجہ نہیں بتائی۔

میڈیا رپورٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ خراب موسم کے سبب صوبہ مشرقی آذربائیجان میں ورزقان کے علاقے کے قریب ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آیا۔

تباہ شدہ ہلی کاپٹر کی تلاش اتوار کی شام سے جاری تھی۔ پیر کی صبح امدادی رضا کاروں نے تباہ شدہ ہیلی کاپٹر کے ملنے کا اعلان کیا تھا۔

بعد ازاں یہ رپورٹس بھی سامنے آئی تھیں کہ صوبہ مشرقی آذربائیجان کے دشوار گزار پہاڑی علاقے میں شدید دھند کے سبب امدادی کاموں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں جب کہ امدادی رضاکاروں نے مطلع کیا تھا کہ حادثے کے مقام پر زندگی کے آثار موجود نہیں ہیں۔

رپورٹس کے مطابق صدر سمیت دیگر اعلیٰ حکام کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر حادثہ میں مکمل طور پر جل چکا تھا۔