امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ خالد مبشر الظفر کا دورہ عادل آباد ۔میڈیا سے خطاب
عادل آباد۔12/اگست(اپنا وطن نیوز)
جماعت اسلامی ہند ایک ملک گیر تنظیم ہے جو ملک کے سارے انسانوں کی دنیوی و اخروی فلا ح کے لئے گزشتہ پچھتر سالوں سے مسلسل کوشش کررہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ ڈاکٹر خالد مبشر الظفر نے عادل آباد کے پریس کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ سماج میں امن و امان اور اخلاقی قدروں کا بول بالا ہو، بلا لحاظ رنگ و نسل، ذات پات اور مذہب سب انسانوں کو برابر کا انصاف ملے۔
انصاف برائے تلنگانہ اور تلنگانہ برائے انصاف کے نظریہ کے تحت تلنگانہ کے قیام میں بھی جماعت اسلامی نے غیر معمولی کردار ادا کیا ہے۔
امیر حلقہ نے حکومت کی جانب سے اقلیتی طبقات کیلئے ایک لاکھ روپیئے کی مالی مدد پر مبنی اسکیم کے فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مذکور ہ اسکیم کے تحت درخواست داخل کرنے کے عمل میں آسانی پیدا کریں تاکہ اقلیتی طبقات کے تمام مستحق افراد کو مالی مدد حاصل ہوسکے۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ ریاست کے بہتر مستقبل کیلئے طلبہ و نوجوانوں کو روزگار سے مربوط کرنے کی ضرورت ہے۔ تلنگانہ حکومت نے سابق میں 80ہزار نئی ملازمتوں کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا تاہم تقررات کے عمل میں سست رفتاری دیکھی جارہی ہے۔
اسی طرح خلیجی ممالک میں بر سر روزگار شہریان تلنگانہ کیلئے حکومت نے خصوصی پالیسی مرتب دینے کا وعدہ کیا تھا جس میں کوئی پیش رفت نہیں کی گئی۔
امیر حلقہ ڈاکٹر مبشر الظفر نے مزید کہا کہ اقلیتی بہبود میں مختص کردہ بجٹ میں ا ضافہ، وقف کی جائیدادوں پر غیر قانونی قبضوں سے بچانا، وقف بورڈ کو جوڈیشل اختیارات کی فراہمی کا عمل بھی ٹھپ پڑا ہو اہے۔اقلیتی اقامتی اداروں کا قیام قابل تحسین اقدام ہے تاہم ان اداروں میں ہورہی بے قائدگیوں اور خرابیاں تشویشناک ہے۔
جماعت اسلامی ہند حکومت کو یہ مشورہ دینا چاہتی ہے کہ وہ ریاست تلنگانہ میں بسنے والے تمام طبقات بالخصوص مسلمانوں میں اعتماد کا احساس پید اکریں۔ملک میں پھیلائی جانے والی نفرت کی فضا سے ریاست کو ہمیشہ پاک و صاف رکھے۔ ان عناصر پر قابو پائیں جو مختلف فرقوں کے درمیان نفرت کی فضا سے ریاست کا ماحول خرا ب کرنا چاہتے ہیں۔
امیر حلقہ نے میڈیا نمائندوں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ جماعت کے ذمہ داران منی پور کے فساد زدہ علاقوں کا دورہ بھی کئے ہیں ممکنہ تعاون بھی کیا جارہا ہے۔یا جو کچھ باتیں میڈیا کے ذریعہ سے ان تک پہنچ رہی ہے وقت اور ضروت کے لحاظ سے ان پر عمل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
اس موقع پر امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ ڈاکٹر خالد مبشر الظفر،نائب امیر حلقہ تلنگانہ عبدالمجید شعیب،سیکریٹری جماعت اسلامی تلنگانہ ڈاکٹر شیخ محمد عثمان، ناظم ضلع عادل آباد محمد ندیم ارشد،رکن جماعت عبدالرحیم و دیگر موجود تھے۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی حلقہ تلنگانہ کے ذمہ داران آج ضلع مستقر عادل آباد پر جماعت اسلامی عادل آباد و نرمل اضلاع کے ارکان و منتخب کارکنان کے لئے منعقد کردہ تفہیمی تربیتی اجلاس میں شرکت کی غرض سے پہنچے تھے۔

