عادل آباد: محمد سلطان نامی نوجوان کی مشتبہ حالت میں موت

رشتہ داروں نے لگایا قتل کا الزام۔پولیس تحقیقات جاری

عادل آباد : 18 / ستمبر (اپنا وطن نیوز)

ضلع مستقر عادل آباد کے اندرا نگر محلہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان محمد سلطان کی مشتبہ حالت میں موت واقع ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق محلہ اندرا نگر کے متوطن محمد سلطان ولد محمد رفیق آج صبح کی اولین ساعتوں میں خورشید نگر۔گاندھی نگر علاقہ کی شاہراہ پر مشکوک حالت میں مُردہ پائے گئے۔

ان کی نعش کے قریب ان کے والد کے نام پر رجسٹر شدہ موٹر سائیکل بھی پائی گئی۔

متوفی نوجوان کے والد محمد رفیق کے بموجب صبح تقریبا 3 بجے ان کے لڑکے کے ساتھ حادثہ پیش آنے کی انھیں اپنے پڑوسیوں کے ذریعہ اطلاع ملی۔

انھوں نے الزام عائد کیا کہ ان کے فرزند کا نا معلوم افراد کی جانب سے قتل کیا گیا ہے جس کی مکمل تحقیقات کی جانی چاہئے۔

انھوں نے پولیس سے مطالبہ کیا کہ وہ قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے مشکوک لوگوں سے تحقیقات کرے۔

قبل ازیں رکن اسمبلی عادل آباد مسٹر جوگورامنا نے رمس ہاسپٹل کے پوسٹ مارٹم عمارت کا دورہ کرتے ہوئے متوفی نوجوان کے افراد خاندان سے ملاقات کی اور انھیں دلاسہ دیا۔

انھوں نے پولیس کے ذریعہ مکمل تحقیقات کرانے کا بھی تیقن دیا۔ ان کے ہمراہ سکریٹری بی آر ایس پارٹی سید ساجد الدین،  جنرل سکریٹری بی آر ایس عادل آباد محمد اشرف بھی موجود تھے۔

بعد ازاں ڈی ایس پی عادل آباد  وی۔اومیندر نے متعلقہ پولیس عملہ کے ساتھ پوسٹ مارٹم روم میں نعش کا معائنہ کیا۔ انھوں نے متوفی کے فون نمبرات کی جانچ عمل میں لانے اور مشکوک افراد کے خلاف مکمل جانچ کرنے کی اپنے ماتحت عملہ کو ہدایت دی۔

اس سے قبل نوجوان کے رشتہ داروں نے 2 ٹاؤن پولیس اسٹیشن پہنچ کر اس خصوص میں اپنی شکایت درج کرائی۔

محمد سلطان مرحوم کی نماز جنازہ آج بعد نماز عصر محمدیہ مسجد، بھکتا پور میں پڑھائی جائے گی اور متصل قبرستان میں تدفین عمل میں آئے گی۔