رکن قومی اقلیتی کمیشن سید شہزادی کا دورہ عادل آباد۔1 لاکھ روپئےاقلیتی امدادی اسکیم کی عمل آوری پر اظہارناراضگی

Minorty Commission Member Visited Adilabad District

سیاسی دباؤ سے بالاتر ہوکر غریب مستحقین کا انتخاب عمل میں لانے کمشنر بلدیہ کو ہدایت

عادل آباد : 4 / ستمبر (اپنا وطن نیوز)

رکن قومی اقلیتی کمیشن حکومت ہند سید شہزادی نے آج ضلع مستقر عادل آباد کا دورہ کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے اقلیتوں کو فراہم کی جارہی مختلف فلاحی اسکیمات کا جائزہ لیا۔

تفصیلات کے مطابق سید شہزادی نے آج کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں ضلع کلکٹر عادل آباد راہول راج پی ایس، ضلع ایس پی ڈی۔اُدئے کمار ریڈی، ضلع اقلیتی بہبود آفیسر جی۔کرشناوینی، ریجنل لیول کو آرڈنیٹر ٹمریز روحیل احمد کے علاوہ دیگر محکمہ جات کے ضلعی عہدیداران کے ہمراہ جائزہ اجلاس منعقد کیا اور ضلع میں جاری مختلف اسکیمات میں اقلیتوں کی حصہ داری، روزگار کی فراہمی و تعلیمی مواقع پر تفصیلات حاصل کیں۔

بعد ازاں انھوں نے عوامی شکایتی دربار میں اپنی شکایات لے کر پہنچنے والے اقلیتی طبقہ کی خواتین و نوجوانوں کی عرضداشت کی سماعت بھی کی۔

رکن قومی اقلیتی کمیشن نے اقلیتوں کو ایک لاکھ روپیوں کی امدادی اسکیم کے تحت استفادہ کنندگان کے انتخاب کو غیر شفاف طریقہ سے انجام دینے پر کمشنر بلدیہ عادل آباد پر برہمی کا اظہار کیا اور انھیں عوامی منتخبہ نمائندوں کے دباؤ سے بالاتر ہوکر خدمات انجام دینے نیز مستحق اقلیتوں کو اس اسکیم کے تحت فوائد پہنچانے کی ہدایت دی۔

انھوں نے ایک معذور نوجوان شیخ عمران کی اس شکایت پر کہ بلدی عہدیداران کی جانب سے صرف بی آر ایس پارٹی سے وابستہ قائدین و کارکنان کو قرضہ جات کی منظوری عمل میں لائی جارہی ہے، کا سخت نوٹ لیتے ہوئے رکن قومی اقلیتی کمیشن نے کمشنر بلدیہ کو ہدایت دی کہ وہ حکومتی رہنمایانہ خطوط پر کام کرتے ہوئے حقیقی مستحقین کا انتخاب عمل میں لائے۔ انھوں نے کسی بھی پارٹی کے سیاسی قائدین کے دباؤ میں نہ آتے ہوئے بیروزگار، غریب، بیوہ و معذور افراد  کے انتخاب اور ان میں ایک لاکھ روپیوں کی امدادی رقم تقسیم کرنے کی بھی ہدایت دی۔

قبل ازیں سید شہزادی نے ضلع ایس پی سے ضلع میں امن و امان کی صورتحال، جرائم کی شرح و دیگر اقدامات پر جائزہ لیا۔ اسی طرح انھوں نے ضلع میں اردو مدارس میں انفراسٹرکچر کی دستیابی، اساتذہ کی تعداد و مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات، ٹمریز اسکولس کی کارکردگی، آئی سی ڈی ایس کے تحت مسلم محلہ جات میں آنگن واڑی مراکز کا قیام، دیگر محکمہ جات کے تحت اقلیتی بیروزگاروں میں قرضہ جات کی منظوری، مکانات کی منظوری و دیگر اسکیمات سے متعلقہ جائزہ لیا۔

انھوں نے ضلع کلکٹر کی زیر صدارت ’’اقلیتوں کی ترقی کے لئے وزیر اعظم کے جدید 15 نکاتی پروگرام ‘‘ کے تحت ایک ضلعی سطح کی کمیٹی تشکیل دینے اور ہر تین ماہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے اقلیتوں کی مختلف اسکیمات کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت دی۔