صدر جمعیتہ علما ہند مولانا محمود اسعد مدنی کی قانونی ٹیم کی جدوجہد رنگ لائی
نئی دہلی : 11 / ستمبر (پریس ریلیز)
آج اڈیشنل ڈسٹرکٹ جج جسٹس اجئے شرما نے نوح سیشن کورٹ میں میوات فساد سے متعلق مقدمات کی سماعت کرتے ہوئے تین لوگوں کو ضمانت دے دی ہے۔
ان میں سے ایک شخص پر نوح تھانہ میں ایف آئی آر نمبر 261/2023 کے تحت مقدمہ درج ہے، جبکہ باقی دو پر نگینہ تھانہ میں ایف آئی آر 134/2023 ، 144 کے تحت مقدمہ درج ہے۔
ان سبھی لوگوں کے مقدمات کی پیروی صدر جمعیتہ علما ہند مولانا محمود اسعد مدنی کی ہدایت پر معروف وکیل ایڈوکیٹ محمد طاہر روپڑیا کررہے ہیں۔
اس سے قبل بھی جمعیتہ علما ہند کی کامیاب پیروی کی وجہ سے تین لوگوں کو ضمانت مل چکی ہے۔
عدالت کے فیصلے کے بعد ایڈوکیٹ محمد طاہر روپڑیا نے بتایا کہ اب تک میوات فسادات کے حوالے سے تین سو سے زائد افراد گرفتار ہوئے ہیں۔
اب تک 150 مقدمات کی پیروی جمعیتہ علما ہند کی طرف سے کی جارہی ہے۔ ہمارے پاس ایسے لوگ آتے ہیں جن کا کمانے والا ہی اندر چلا گیا ہے، ان کے پاس مقدمے تو دور گھر چلانے کے لئے بھی ذرائع نہیں ہیں، یہ لوگ گاؤں دیہات کے رہنے والے ہیں، ان کو مقدمہ کے ’میم‘سے بھی واسطہ نہیں ہے۔
ہم ایسے معصوم اور بے قصور لوگوں کا مقدمہ پوری قوت سے لڑ رہے ہیں، ان لوگوں کے لئے جمعیتہ علما ہند ایک امید ہے۔
طاہر روپڑیا نے مزید کہا کہ میں ایک وکیل ہوں لیکن انسانی جذبات بھی سمجھتا ہوں، جمعیتہ علما ہند کی یہاں جدوجہد قابل ستائش ہے۔
جمعیتہ علما ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمد حکیم الدین قاسمی، قانونی معاملات کے نگراں ایڈوکیٹ نیاز احمد فاروقی، ناظم اعلیٰ جمعیتہ علما ہریانہ، پنجاب و ہماچل پردیش مولانا یحیٰ کریمی وغیرہ سے لگاتار رابطہ ہے ، ہمیں امید ہے کہ مظلوموں اور متاثرہ لوگوں کو انصاف دلانے کی ہماری اور جمعیتہ علما ہند کی جدوجہد کامیاب ہوگی۔

