دو گروپوں میں آپسی تصادم کے بعد عادل آباد شہر میں معمولی کشیدگی

عادل آباد : 3 ؍ اگست (اپنا وطن نیوز)

مستقر عادل آباد کے گاندھی چوک علاقہ میں نوجوانوں کے دو گروپوں میں آج شام کے اوقات میں ہوئے آپسی تصادم کے بعد علاقہ میں کشیدگی دیکھی گئی۔

بتایا جارہا ہے کہ ایک آٹو ڈرائیور اور ایک نوجوان کے مابین ہاتھا پائی کے بعد آپسی جھگڑا طول پکڑ گیا جس کے بعد نوجوانوں کے دو گروپوں میں ہاتھا پائی ہوئی۔

واقعہ کے فوری بعد پولیس حرکت میں آتے ہوئے زخمیوں کو رمس ہاسپٹل منتقل کیا۔ دونوں ہی گروپوں کے نوجوانوں نے قدیم بس اسٹانڈ پر واقع ون ٹاؤن پولیس اسٹیشن پر جمع ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس نے دونوں ہی گروپوں کے نوجوانوں کو منتشر کردیا۔

پولیس نے شہر کے بازار کو بند کروادیا اور لوگوں کو منتشر کردیا۔

ڈی ایس پی عادل آباد مسٹر اومیندر کی نگرانی میں پولیس کی بھاری جمعیت کو گاندھی چوک ، قدیم بس اسٹانڈ اور ونائک چوک علاقہ میں متعین کردیا گیا ہے۔

پولیس واقعہ کی تحقیقات میں مصروف ہے ۔ شہر میں حالات پرسکون ہیں۔