تلنگانہ میں ہلدی بورڈ اور ٹرائبل یونیورسٹی کے قیام کا نریندر مودی نے کیا اعلان

حیدر آباد : 01/اکتوبر (اپنا وطن نیوز)

وزیر اعظم نریندر مودی نے آج اپنے دورہ ضلع محبوب نگر کے موقع پر ریاست تلنگانہ کی عوام کے لئے دو اہم اعلانات کئے۔

انھوں نے تلنگانہ میں ہلدی بورڈ کے قیام کی منظوری کے علاوہ ضلع ملوگو میں ’’سمکا سارکا ٹرائبل یونیورسٹی‘‘ کے قیام کی منظوری کا اعلان کیا۔

واضح ہو کہ وزیر اعظم نریندر مودی آج تلنگانہ کے ضلع محبوب نگر کے دورہ پر پہنچے تھے جہاں وہ 13 ہزار 500 کروڑ روپیوں کی لاگت سے تعمیر کئے جانے والے مختلف پراجیکٹس و اسکیمات کا افتتاح کیا۔

بعد ازاں انھوں نے جلسہ کو مخاطب بھی کیا اور تلنگانہ کے کسانوں کے لئے خوشخبری دیتے ہوئے ریاست میں قومی ہلدی بورڈ کے قیام کا اعلان کیا۔

واضح ہو کہ ضلع نظام آباد کے کسان ایک طویل عرصہ سے ہلدی بورڈ کے قیام کا مطالبہ کررہے ہیں اور موجودہ رکن پارلیمان نظام آباد مسٹر ڈی اروند بھی ہلدی بورڈ کے قیام کے وعدے کے چلتے انتخاب میں کامیاب ہوئے تھے۔ وزیر اعظم چونکہ دو دن بعد ہی 3/اکتوبر کو مستقر نظام آباد کا دورہ بھی کرنے والے ہیں لہذا ان کا یہ اعلان ضلع نظام آباد کے کسانوں کو خوش کرنے والا مانا جارہا ہے۔

قبل ازیں وزیر اعظم نے کہا کہ ان کی حکومت 900 کروڑ روپیوں کی لاگت سے تلنگانہ کے ضلع ملوگو میں ٹرائبل یونیورسٹی کا قیام عمل میں لائی گی جس کا نام ’’سمکا سارکا سنٹرل ٹرائبل یونیورسٹی‘‘ ہوگا۔

ترقیاتی کاموں کی افتتاحی تقریب میں گورنر تلنگانہ سوندریا راجن، مرکزی وزیر و صدر تلنگانہ بی جے پی کشن ریڈی، رکن پارلیمان بنڈی سنجئے و دیگر موجود تھے۔