نت نئی اسکیمات کے لئے 28/ڈسمبر سے درخواستوں کی وصولی
’’پراجا پالنا‘‘ کے عنوان سے تلنگانہ حکومت کا 8 روزہ خصوصی پروگرام
حیدر آباد : 25/ڈسمبر ( محمد عابد علی / اپنا وطن نیوز )
28/ڈسمبر کو یوم تاسیس کانگریس پارٹی کے موقع پر تلنگانہ حکومت نے عوامی فلاح و بہبود کے مختلف اسکیمات کے آغاز کا منصوبہ بنایا ہے۔
اس دوران حکومتی عہدیداران پراجا پالنا پروگرام کے تحت عوام سے مختلف اسکیمات کے لئے درخواستیں قبول کریں گے۔
کیا ہے ’’پراجا پالنا‘‘ پروگرام :
تلنگانہ عوام کی دہلیز تک سرکاری مراعات کی فراہمی کی غرض سےریاستی حکومت 28/ڈسمبر تا 6/جنوری کے درمیان ’’پرجا پالنا‘‘ یعنی ’’عوامی راج‘‘ کے عنوان سے ریاست بھر میں ایک پروگرام کا انعقاد عمل میں لانے جارہی ہے۔ جس کے دوران سرکاری عہدیداران ضرورتمندوں سے مختلف اسکیمات کے ضمن میں درخواستیں قبول کریں گے۔

اس پروگرام کی عمل آوری کے ضمن میں وزیر اعلیٰ تلنگانہ مسٹر ریونت ریڈی نے تمام اضلاع کے کلکٹرس و ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کا ایک مشترکہ جائزہ اجلاس بروز اتوار منعقد کیا تھا جس میں انھوں نے ضلع کلکٹرس کو اس پروگرام کی اہمیت و افادیت اور شفاف طریقہ سے اس کی عمل آوری کے متعلق ضروری ہدایات بھی دیں۔
کن کن اسکیمات کے لئے درخواستیں قبول کی جائیں گی؟
1-مہا لکشمی اسکیم : خواتین کے لئے ماہانہ 2500 ہزار روپئے کی امداد اور 500 روپیوں میں گیس سلنڈر ۔
2-رعیتو بھروسا اسکیم : کسانوں کو فی ایکر ہر سال 15 ہزار روپیوں کی امداد۔
3-گروہا جیوتی اسکیم : 200 یونٹ تک مفت برقی
4-اندرما انڈلو اسکیم : مکان کی تعمیر کے لئے 5 لاکھ روپیوں تک کی امداد، تلنگانہ تحریک میں حصہ لینے والے جہد کاروں کے لئے 250 مربع گز کا پلاٹ۔
5- چے یوتا اسکیم : ضعیف مستحق افراد کے لئے 4 ہزار روپئے ماہانہ وظیفہ۔
درج بالا اسکیمات کے ضمن میں مستحق استفادہ کنندگان سے درخواستیں حاصل کی جائیں گی۔
درکار دستاویزات :
آدھار کارڈ ، سفید راشن کارڈ اور ایک عدد تصویر
آدھار کارڈ اور سفید راشن کارڈ کے حامل افراد ہی ان اسکیمات سے استفادہ کے لئے اپنی درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔
پروگرام کہاں منعقد ہوگا :۔
دیہی علاقوں میں ہر گرام پنچایت میں اور شہری یا بلدی علاقوں میں ہر میونسپل وارڈ میں یہ پروگرام پہلے سے طئے شدہ کسی ایک وقت پر منعقد ہوگا۔
اس دن متعلقہ سرکاری عہدیداران کسی مخصوص جگہ کاؤنٹرس لگاتے ہوئے استفادہ کنندگان سے درخواستیں قبول کریں گے۔
پروگرام کا شیڈول :۔
حکومت کی جانب سے آغاز شدنی ’’پراجا پالنا‘‘ پروگرام (28/ڈسمبر تا 6/جنوری) 8 دفتری ایام کار کے دوران منعقد ہوگا۔ سرکاری تعطیلات جیسے 31/ڈسمبر اور یکم جنوری کو پروگرام منعقد نہیں ہوگا۔
عہدیداران ہر دن دو شفٹوں میں یعنی صبح 8 تا 12 اور 2 تا 6 بجے شام پروگرام منعقد کریں گے اور مختلف اسکیمات کے ضمن میں لگائے گئے کاؤنٹرس سے درخواستیں قبول کی جائیں گی۔
پراجا پالنا نامی پروگرام کے مقاصد :۔
اہل اور حقیقی استفادہ کنندگان تک مرحلہ وار طور پر، طئے شدہ وقت کے اندر عوامی فلاح و بہبودی کے پروگراموں/ اسکیمات کو ریاست بھر کے عوام میں پہنچانا۔
ہر چار ماہ میں ایک مرتبہ اس قسم کا پروگرام منعقد کیا جائے گا اور اہل درخواست گزاروں سے درخواستیں حاصل کی جائیں گی۔

چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی پرجا پالنا نامی پروگرام کے ضمن میں ضلع کلکٹرس و ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے۔
پروگرام کے آغاز سے قبل ضلع کلکٹر کیسے تیاری کریں؟
27/ڈسمبر سے قبل ضلع انچارج وزیر کی زیر صدارت ضلع کے تمام عوامی منتخبہ نمائندوں اور سرکاری عہدیداران کا ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں اس پروگرام کی عمل آوری، ضرورت و افادیت اور کئے جانے والے کاموں کے بارے میں انھیں ہدایات دی جائیں گی۔
اسی طرح ریاستی سطح پر ایک درخواست فارم تیار کرتے ہوئے جاری کیا جائے گا ۔ ضلع کلکٹرس اور دیگر سرکاری عہدیداران کی یہ ذمہ داری ہوگی کہ وہ 8 یوم تک جاری رہنے والے اس پروگرام کی خوب تشہیر کریں، ضرورتمندوں تک درخواست فارمس پہنچائیں، ہر وارڈ و موضع کی سطح پر کاؤنٹرس لگاتے ہوئے عوام سے درخواستیں قبول کی جائیں۔
حاصل ہونے والی درخواستوں کو ماتحت عملہ سے آن لائن اندراج کروایا جائے گا۔

