بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد مستعفی؛ آرمی چیف کا ملک میں عبوری حکومت بنانے کا اعلان

ڈھاکہ : 5/اگست (ویب ڈیسک)

بنگلہ دیش میں پرتشدد مظاہروں کے دوران وزیرِ اعظم شیخ حسینہ نے استعفیٰ دے دیا ہے۔ بنگلہ دیش کے آرمی چیف وقار الزماں نے وزیرِ اعظم کے استعفے کی تصدیق کرتے ہوئے ملک میں عبوری حکومت بنانے کا اعلان کیا ہے۔

پیر کو قوم سے خطاب کرتے ہوئے بنگلہ دیش کے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کو مخلوط حکومت کے ذریعے چلایا جائے گا جب کہ ملک میں امن واپس لائیں گے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ تمام مسائل حل کرنے کے لیے سب مل کر کام کریں گے۔

بنگلہ دیش کے مقامی میڈیا کے مطابق شیخ حسینہ اور ان کی چھوٹی بہن ریحانہ ملک سے ’محفوظ مقام‘ پر پہنچ چکی ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مستعفی وزیرِ اعظم شیخ حسینہ محفوظ مقام پر پہنچ چکی ہیں۔

واضح ہو کہ بنگلہ دیش میں پرتشدد مظاہروں کے بعد شیخ حسینہ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔یوں 15 برس سے جاری ان کے اقتدار کا خاتمہ ہو گیا۔

بنگلہ دیش میں اتوار کو ایک بار ہنگامے پھوٹ پڑے تھے جس میں ڈھاکہ سمیت ملک بھر میں 91 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔

مظاہرین کی جانب سے وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کے استعفے کے مطالبے میں بھی شدت آ گئی تھی۔

اتوار کو ملک بھر میں کرفیو کے نفاذ کے ساتھ ہی ریلوے سروسز بھی معطل کر دی گئی تھیں جب کہ ملک کی گارمنٹس انڈسٹری میں بھی کام ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے۔