انتخابی جلسہ عام کو کامیاب بنانے کانگریس امیدوار کندی سرینواس ریڈی کی اپیل
عادل آباد : 24/نومبر (اپنا وطن نیوز)
سابق صدر کل ہند کانگریس کمیٹی و رکن پارلیمان ویاناڈ مسٹر راہول گاندھی کل یعنی بروز ہفتہ (25/نومبر) ضلع مستقر عادل آباد کا دورہ کرتے ہوئے کانگریس امیدوار کندی سرینواس ریڈی کے انتخابی جلسہ کو مخاطب کریں گے۔
راہول گاندھی کا جلسہ عام اندرا پریہ درشنی اسٹیڈیم، روبرو گاندھی پارک عادل آباد پر دوپہر 1 بجے منعقد ہوگا۔
اس خصوص میں کانگریس پارٹی ذمہ داران کی جانب سے انتظامات کو قطیعت دی جارہی ہے۔

کانگریس امیدوار حلقہ اسمبلی عادل آباد مسٹر کندی سرینواس ریڈی نے اندرا پریہ درشنی اسٹیڈیم پہنچ کر جلسہ کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور ضروری ہدایتیں دیں۔ ان کے ہمراہ کانگریس کے مقامی قائدین گوردھن ریڈی، محمد شکیل و دیگر موجود تھے۔
واضح ہو کہ سابق میں گاندھی خاندان سے تعلق رکھنے والے سرکردہ قائدین جن میں اس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی اور ان کی پوتی پرینکا گاندھی نے بالترتیب سال 1972 اور 2023 میں متحدہ ضلع عادل آباد کے کاغذ نگر کا دورہ کرتے ہوئے انتخابی تشہیر میں حصہ لیا تھا۔
اس مرتبہ اسی گاندھی خاندان کے سپوت مسٹر راہول گاندھی پہلی مرتبہ حلقہ اسمبلی عادل آباد کا دورہ کرنے والے ہیں جن کے دورہ اور انتخابی جلسہ کو کامیاب بنانے کے لئے کانگریس پارٹی زور و شور سے تیاریوں میں مصروف ہے۔

