راہول گاندھی کی لوک سبھا رکنیت بحال، کانگریس کا جشن

نفرت کے خلاف محبت کی جیت : کانگریس کا بیان

نئی دہلی : 7 ؍ اگست ( ایجنسیاں)

لوک سبھا سکریٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹفکیشن کے مطابق کانگریس رکن پارلیمان مسٹر راہول گاندھی کی رکنیت بحال کردی گئی ہے۔

یہ فیصلہ اس وقت لیا گیا جب تین دن قبل سپریم کورٹ نے ‘مودی’ کنیت کے تبصرہ کیس میں راہول گاندھی کی سزا پر روک لگادی تھی۔

کانگریس نے ٹوئٹر پلیٹ فارم کے ذریعہ لوک سبھا سکریٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹفکیشن کو شئیر کرتے ہوئے  اسے "نفرت کے خلاف محبت کی جیت” قرار دیا۔

قبل ازیں  کانگریس پارٹی نے لوک سبھا سکریٹری سے ملاقات کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے فیصلہ کے تناظر میں راہول گاندھی کی رکنیت کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ کانگریس نے انتباہ دیا تھا کہ اگر آج شام تک حلقہ وائناڈ کے ممبر آف پارلیمنٹ کی رکنیت بحال نہیں ہوتی ہے تو وہ منگل کو سپریم کورٹ سے رجوع ہوں گے۔

راہول گاندھی کو 23 مارچ کو لوک سبھا کے رکن کے طور پر نااہل قرار دے دیا گیا تھا جب گجرات کی ایک عدالت نے انہیں ہتک عزت کے ایک مقدمے میں مجرم قرار دیا تھا اور انہیں دو سال قید کی سزا سنائی تھی۔

سپریم کورٹ کی جانب سے سزا پر روک لگانے کا مطلب یہ بھی ہے کہ راہول گاندھی آئندہ لوک سبھا انتخابات میں بھی حصہ لے سکتے ہیں۔ راہول کے لوک سبھا میں دوبارہ داخل ہونے کا مطلب ہے کہ وہ مودی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا حصہ ہوں گے، جسے منگل کو اٹھایا جانا ہے۔

راہول گاندھی کی لوک سبھا رکنیت کی بحالی کے ساتھ ہی اپوزیشن پارٹیوں کے اتحاد I.N.D.I.A سے وابستہ قائدین نے پارلیمنٹ ہاؤز میں مٹھائیاں تقسیم کیں۔ کانگریس قائدین و کارکنان جشن مناتے دیکھے گئے۔