عادل آباد : 14/فروری (اپنا وطن نیوز)
کندی سرینواس ریڈی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ضلع مستقر عادل آباد کے ڈائیٹ کالج گراؤنڈ میں منعقد کردہ راجیو گاندھی میموریل کرکٹ ٹورنمنٹ کا آج سے آغاز عمل میں آیا۔
کانگریس کے سینئر قائد کوٹناک تروپتی نے نیو اسٹار کرکٹ کلب اور الیون ٹائیگرس کرکٹ کلب کے مابین منعقدہ میاچ میں ٹاس اچھالتے ہوئے کرکٹ ٹورنمنٹ کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر انھوں نے کھلاڑیوں اور شائقین کرکٹ کو مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ ہندوستان میں کھیل کود اور انفارمیشن ٹکنالوجی کے میدان میں آنجہانی راجیو گاندھی نے بحیثیت وزیر اعظیم گرانقدر خدمات انجام دی تھیں۔

انھوں نے مقامی کانگریس قائدین کی جانب سے اس ٹورنمنٹ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے نوجوانوں میں کھیل کود کے تئیں دلچسپی بڑھے گی اور نوجوانوں کو تندرست رکھنے اور انھیں بُری عادتوں میں وقت ضائع کرنے سے کسی حد تک محفوظ رکھے گی۔
قبل ازیں ٹورنمنٹ کے منتظمین سید شاہ راشد الحق، عرفان، محمد عبدالخالق و دیگر نے بتایا کہ مذکورہ بین ریاستی کرکٹ ٹورنمنٹ میں مقامی سطح پر 16 ٹیمیں جبکہ غیر مقامی 16 ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔
ٹورنمنٹ میں میاچس سوپر ناک آؤٹ طرز پر منعقد ہوں گے۔
ٹورنمنٹ کی فاتح ٹیم کو 2 لاکھ 51 ہزار روپئے جبکہ رنر اپ ٹیم کو 1 لاکھ 25 ہزار روپئے نقد انعام رکھا گیا ہے۔
اسی طرح تیسرے و چوتھے مقام پر رہنے والی ٹیموں کو 11 ہزار روپئے انعام دیا جائے گا اور میان آف دی سیریز کے طور پر موٹر سیکل بطور انعام دی جائیگی۔
اس موقع پر کانگریس قائدین نور خان پٹھان، محمد شکیل، شاکر، عبدالکلیم، جاوید، ارشاد، اقبال احمد و دیگر موجود تھے۔

