عادل آباد میں راجیو گاندھی میموریل انٹر اسٹیٹ کرکٹ ٹورنمنٹ کا اختتام

ہوپ الیون فاتح۔ریاستی وزیر سیتا اکا نے انعامات کی تقسیم عمل میں لائی

عادل آباد: 3/مارچ (اپنا وطن نیوز)

عادل آباد ضلع انچارج وزیر داناسری سیتا اکا  نے کہا کہ کھیلوں میں ہار جیت فطری بات ہے، ہر نوجوان کو چاہئے کہ وہ ہار جیت سے بالاتر ہوکر کھیل کے بہتر مظاہرہ کو پیش کرے تبھی وہ کھیلوں میں اور اپنی حقیقی زندگی میں کامیاب ہوسکتا ہے۔

ریاستی وزیر جو کہ آج ضلع مستقر عادل آباد پر کے ایس آر فاؤنڈیشن کی جانب سے گذشتہ 20 یوم سے جاری  راجیو گاندھی میموریل  بین ریاستی کرکٹ ٹورنمنٹ کی اختتامی تقریب میں حصہ لیا۔

واضح ہوکہ  اس ٹورنمنٹ میں جملہ 32 ٹیموں نے حصہ لیا تھا۔

آج ہوپ الیون اور کلیم الیون جینور کی ٹیموں کے مابین دلچسپ فائنل میچ کھیلا گیا جس میں ہوپ الیون کی ٹیم فاتح بن کر سامنے آئی۔

قبل ازیں کلیم الیون جینور کی ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 157 رنز بنائے جبکہ ہوپ الیون کی ٹیم نے دئے گئے ہدف کو 18.4 اوورز میں حاصل کر کے ٹرافی اپنے نام کر لی۔

اختتامی تقریب میں ریاستی وزیر سیتا اکا، کے ایس آر فاؤنڈیشن کے چیرمین کندی سرینواسا ریڈی اور رکن اسمبلی خانہ پورویڈما بوجو پٹیل  نے مہمان خصوصی کے طور پر پروگرام میں شرکت کی۔

ٹورنامنٹ کے منتظمین عبدالخالق المعروف جانٹی، سید شاہ راشد الحق، عرفان و دیگر نے ان کا  استقبال کیا۔

اس موقع پر سیتا اکا نے نوجوانوں  سے مخاطبت میں کہا کہ ہار دراصل مستقبل کے جیت کی پہلی سیڑھی ہوتی ہے۔لہذا ہار کبھی بھی حوصلہ شکنی کی وجہ نہیں بننی چاہیے۔

تمام کھلاڑی نہ صرف ضلعی سطح پر بلکہ ریاستی اور قومی سطح پر بھی اپنا نام روشن کریں۔

بعد ازاں ریاستی وزیر  نے اس ٹورنمنٹ کی فاتح  ٹیم ہوپ الیون  کو دو لاکھ 51 ہزار کا پہلا انعام اور ٹرافی دی۔ انہوں نے کلیم الیون جینور کی رنر اپ ٹیم کو 1 لاکھ 25 ہزار نقد اور ٹرافی بطور دوسرا انعام دیتے ہوئے کھلاڑیوں کو مبارکباد دی۔

اس کے علاوہ تیسرے اور چوتھے انعام کے تحت 11000 روپئے دیے گئے۔

مین آف دی سیریز ہوپ الیون کے کھلاڑی روجر کو ہونڈا شائن موٹر سائیکل  پیش کی گئی۔

اس موقع پر سابق رکن اسمبلی خانہ پور ریکھانائک، دونوں بوتھ کانگریس اسمبلی انچارج اودے گجیندر، کسان کانگریس کے ریاستی صدر انوش ریڈی، ڈی سی سی بی  چیرمین اڈی بھوجا ریڈی، تلمڑگو زیڈ پی ٹی سی وینکٹ ریڈی، ٹورنامنٹ کے منتظمین سید شاہ راشد الحق، عبدالخالق عرف جانٹی ، جاوید،  عرفان، کے علاوہ کانگریس اقلیتی قائدین نور خان پٹھان، شاہد علی، ایم اے شکیل، محمدرفیق و دیگر موجود تھے۔