سدی پیٹ میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ، 106 ملازمین برطرف

میدک: 9/اپریل(ایجنسیز)

ضلع کلکٹر سدی پیٹ مسٹر منو چودھری نے آج  انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب 106 ملازمین کو معطل کرنے کے احکامات صادر کئے۔

واضح ہو کہ ضلع میدک کے 106 ملازمین سرکار نے انتخابی ضابطہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بی آر ایس امیدوار کی میٹنگ میں شرکت کی تھی۔

بتایا جاتا ہے کہ دو دن قبل بی آر ایس امیدوار حلقہ پارلیمان میدک وینکٹ رام ریڈی نے سدی پیٹ میں واقع ریڈی ویلفیر بھون میں روزگار ضمانت اسکیم اور سیرپ محکمہ کے ملازمین کے ہمراہ اجلاس منعقد کیا تھا۔

اجلاس میں شریک ملازمین کی شناخت سی سی ٹی وی کی بنیاد پر کی گئی۔

معطل ہونے والوں میں 38 Serp ملازمین اور 68 ایمپلائمنٹ گارنٹی اسکیم کے ملازمین شامل ہیں۔

بی آر ایس امیدوار وینکٹ رام ریڈی جو کہ میدک لوک سبھا نشست سے بی آر ایس امیدوار ہیں نے سرکاری ملازمین کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی۔

اس کے تحت انہوں نے اتوار کی رات 9 بجے مقامی بی آر ایس قائدین کی موجودگی میں ملازمین کے ساتھ میٹنگ کی۔

اگرچہ یہ میٹنگ انتہائی رازداری کے ساتھ منعقد ہوئی لیکن رات ساڑھے گیارہ بجے معاملہ افشا ہوگیا۔

بی جے پی اور کانگریس کے لیڈران میٹنگ کی جگہ پہنچ گئے۔ عملے نے انہیں اندر جانے سے روک دیا۔

انہوں نے پولیس کو بلایا۔ پولیس کے پہنچنے تک وینکٹ رام ریڈی اور ملازمین وہاں سے چلے گئے تھے۔

بعد ازاں اس واقعہ کی شکایت ضلع کلکٹر سے کی گئی اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کے بعد کارروائی کرتے ہوئے ضلع کلکٹر نے آج 106 ملازمین کو برطرف کردیا۔