ٹمریز اداروں میں زیر تعلیم لڑکیوں کے یونیفارم سے دوپٹہ ہٹانے کا کوئی ارادہ نہیں

میڈیا میں پھیلائی جارہی خبریں بے بنیاد۔سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود تفسیر اقبال کا بیان

حیدر آباد : 16/مئی (اپنا وطن نیوز)

سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود حکومت تلنگانہ مسٹر تفسیر اقبال نے واضح کیا کہ وہ ٹمریز (TMREIS) اداروں میں زیر تعلیم  لڑکیوں کے یونیفارم سے "دوپٹہ” نہیں ہٹا رہے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ متعلقہ عہدیداران لڑکیوں کے لئے ایک جدید یونیفارم متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جس میں "جیکٹ” شامل ہو سکتی ہے، لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ "دوپٹہ” ہٹا دیا جائے گا۔

تفسیر اقبال جو کہ ٹمریز اداروں سے نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلباو طالبات کی تہنیتی تقریب میں شرکت کررہے تھے نے اس موقع پر میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج بعض ذرائع ابلاغ کے اداروں نے غیر مصدقہ خبروں کو شائع کرتے ہوئے ٹمریز انتظامیہ پر سوال اٹھائے ہیں جو کہ درست نہیں ہیں۔

اس طرح کی غیر مصدقہ خبریں عوام میں ٹمریز اداروں کی ساکھ کو متاثر کرسکتی ہیں لہذا خبروں کی اشاعت سے قبل انتظامیہ سے کسی بھی چیر کی تصدیق کی جانی چاہئے۔

انھوں نے یہ بھی بتایا کہ انتظامیہ ٹمریز اداروں میں جاری کلچر کو برقرار رکھے گی اور لڑکیوں کے یونیفارم میں پہلے سے موجود دوپٹہ کے ساتھ ساتھ اضافی طور پر جیکٹ یا صدری کو شامل کرے گی۔

انھوں نے وضاحت کی کہ "دوپٹے” الگ سے منگوائے جاتے ہیں لہذا ان کا ٹنڈر علحدہ طور پر طلب کیا جائے گا۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ سکریٹری ٹمریز عائشہ مسرت خانم بھی موجود تھیں۔