معروف ماہر تعلیم سمیر احمد صدیقی نے HWO کے ذمہ داران کو مبارکباد پیش کی
عادل آباد : 19/ڈسمبر (اپنا وطن نیوز)
ماہر تعلیم سمیر احمد صدیقی نے اپنے دورہ عادل آباد کے موقع پر شہر میں عوامی خدمات کے لئے کارکرد ہیومن ویلفیر آرگنائزیشن کی سرگرمیوں کی سراہنا کرتے ہوئے ذمہ داران کو مبارکباد پیش کی۔
انھوں نے آرگنائزیشن کی جانب سے چلائی جارہی بلا معاوضہ مختلف خدمات کی تفصیلات سے واقفیت حاصل کرنے کے بعد کہا کہ دراصل ضرورتمندوں کی بروقت مدد کرنا بھی بڑی عبادت ہے اور اس کارخیر کے کاموں میں اپنا پیسہ و وقت لگانے والوں کے جذبہ کو وہ سلام کرتے ہیں۔
واضح ہو کہ ملک کے معروف ماہر تعلیم سمیر صدیقی جو کہ طلبا کی تعلیمی رہنمائی کے لئے ہیومن ویلفیر آرگنائزیشن کی جانب سے عادل آباد میں منعقدہ ایک پروگرام کو مخاطب کرنے پہنچے تھے، نے اس آرگنائزیشن کی جانب سے چلائی جارہی مختلف کاموں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ذمہ داران آرگنائزیشن انتخاب عالم اور عبدالعزیز پاریکھ نے انھیں تفصیلات سے واقف کروایا اور بتایا کہ ان کی تنظیم کا قیام سال 2008 میں عمل میں آیا تھا۔
تنظیم کے قیام کا اہم مقصد شعبہ تعلیم و طب میں مدد کے علاوہ ضرورتمندوں کے لئے ضروری سماجی خدمات انجام دئیے جاسکیں۔
اسی پر عمل پیرا ہوتے ہوئے طلبا کے لئے کیرئیر گائیڈنس پروگرامس، ملک اور بیرون ملک تعلیم کے حصول میں ان کی رہنمائی، مختلف لکچرس کا انعقاد تاکہ طلبا اپنے بہتر مستقبل کا انتخاب کرسکیں کے علاوہ مفت ایمبولنس سرویس کی سہولت، آکسیجن سلنڈرس کی فراہمی، ضروتمند بیوہ خواتین و یتیم بچوں میں وظائف کی تقسیم، رمضان میں راشن کٹس کی تقسیم، بلانکٹس و چادروں کی تقسیم کے علاوہ کئی ایک سماجی و تعلیمی پروگرام کئے جاتے ہیں۔
اس کے علاوہ ان کی تنظیم نے فوڈ سرویس کے نام سے ایک نیا منصوبہ تیار کیا ہے تاکہ شادی بیاہ و دیگر تقاریب میں بچ جانے والے زائد کھانے کو وہ ضرورتمندوں میں تقسیم کرسکیں۔
انھوں نے بتایا کہ ایسے افراد جن کی تقاریب میں کھانے کی اشیا بچ جاتی ہیں وہ تنظیم کے ذمہ داروں کو اس کی اطلاع دیں تاکہ وہ اس غذا کے پیاکٹس تیار کرتے ہوئے انھیں مستحق افراد میں تقسیم کرسکیں۔
ہیومن ویلفیر آرگنائزیشن کی بلا لوث عوامی خدمات کی سراہنا کرتے ہوئے آئی اے ایس کوچ و ماہر تعلیم سمیر احمد صدیقی نے ذمہ داران کو تیقن دیا کہ وہ ضلع عادل آباد میں بھی اپنا ایک کوچنگ مرکز قائم کریں گے تاکہ طلبا کو مسابقتی امتحانات کی تیاریوں میں مزید مدد مل سکے۔

