اقلیتی خواتین میں 20 ہزار سلائی مشینوں کی تقسیم ۔اسکیم کا افتتاح

اقلیتی فینانس کارپوریشن کے تحت درخواستوں کی طلبی کا عنقریب آغاز

حیدر آباد : 15 ؍ جولائی (اپنا وطن نیوز)

تلنگانہ حکومت ریاست کی بیروزگار اقلیتی خواتین میں 20 ہزار سلائی مشینوں کی تقسیم عمل میں لائیگی جس کے لئے درخواستوں کی وصولی کا عنقریب آغاز عمل میں آئے گا۔

ریاستی حکومت نےاقلیتی خواتین کو ’’ کے سی آر کا تحفہ ، خواتین کے لئے بھروسہ‘‘ کے نام سے ایک اسکیم کا آغاز عمل میں لایا ہے جس کے تحت اقلیتی خواتین کو خود روزگار اسکیم کے تحت ریاست بھر میں مفت سلائی مشینوں کی تقسیم عمل میں لائی جارہی ہے۔

اس خصوص میں چیر مین میناریٹی فینانس کارپوریشن ریاست تلنگانہ امتیاز اسحاق نے گذشتہ دنوں حیدر آباد میں اس اسکیم کا افتتاح عمل میں لایا اور اس سے متعلق ضلع اقلیتی بہبود آفیسرس کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔

اس اسکیم کے تحت 18 ہزار سلائی مشینیں اقلیتی خواتین جبکہ 2 ہزار سلائی مشینیں کرسچن اقلیتی خواتین کے لئے مختص کی گئی ہیں۔

اہلیت:

اس اسکیم کے تحت 21 تا 55 سال عمر والی بیروزگار خواتین جو کم از کم پانچویں جماعت کامیاب ہو،اور جو پہلے سے ٹیلرنگ کا کورس مکمل کرچکی ہوں، جن کے پاس سفید راشن کارڈ ہو یا شہری علاقوں میں جن کی سالانہ آمدنی 2 لاکھ روپیوں سے کم اور دیہی علاقوں میں 1.5 لاکھ روپیوں سے کم ہو وہ اس اسکیم کے لئے اہل ہوں گی۔

سفید راشن کارڈ یا فوڈ سیکیوریٹی کارڈ نہ ہونے کی صورت میں ہی اہل خواتین کو می سیوا سنٹرس سے انکم سرٹفکیٹ اپنی درخواست کے ساتھ داخل کرنا ہوگا بصورت دیگر سفید راشن کارڈ یا فوڈ سیکیوریٹی کارڈ قابل قبول ہوگا۔

اکیلی، بیوہ یا مطلقہ خواتین کو ترجیحی بنیادوں پر سلائی مشینوں کی تقسیم کے لئے منتخب کیا جائے گا۔اس کے علاوہ ریاستی حکومت یا میناریٹی فینانس کارپوریشن کے تحت سابق میں چلائے گئے فنی کورسیس میں تربیت حاصل کرنے والی خواتین کو ان سلائی مشینوں کی تقسیم میں فوقیت دی جائے گی۔

ادخال درخواست فارم کی آخری تاریخ:

اقلیتی فینانس کارپوریشن کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ 20 ؍ جولائی مقرر کی گئی ہے۔ خواہشمند بیروزگار خواتین اپنے مقامی منتخبہ عوامی نمائندوں یا اپنے ضلع کے اقلیتی بہبود دفاتر سے مزید معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔

حلقہ اسمبلی و ضلع کے حساب سے منظورہ سلائی مشینوں کا گوشوارہ